پاکستان کا فلسطینی اور اطراف کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی انخلا کا مطالبہ

استنبول میں ہفتے کو ڈی ایٹ وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

پاکستان نے تمام فلسطینی اور اطراف کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق استنبول میں ہفتے کو وزرائے خارجہ کی کونسل ڈی ایٹ کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا جس میں ان کی فلسطین واپسی اور 1967 کی سرحدوں اور بیت المقدس کے درالحکومت کے ساتھ ایک آزاد وطن کا قیام بھی شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے حکم پر اسرائیل کو فوری طور پر غزہ میں فوجی کارروائی روکنی چاہیے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ’پاکستان نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کی مسلسل حمایت کی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تمام تصفیہ طلب عرب اسرائیل تنازعات کے جامع حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا اور ایک خودمختار، قابل عمل اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام علاقائی امن اور استحکام کے لیے لازمی شرط ہے۔‘

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ’فلسطینیوں کی نسل کشی، ناروا سلوک اور نقل مکانی پر خاموشی اور بے عملی کوئی آپشن نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں فلسطین میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے لیے کھڑا ہونا چاہیے اور اسرائیل کے غیر انسانی اور وحشیانہ مظالم کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی لانی چاہیے۔‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’آٹھ اہم مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے اس اہم اجلاس سے فلسطینی عوام کی حمایت کا مضبوط پیغام جانا چاہیے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’اس گروپ کو اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور غزہ کے محصور لوگوں کے لیے انسانی امداد کے تمام راستے کھولنے کے لیے مشترکہ اور فوری بین الاقوامی کارروائی کے مطالبے اور مہم کی قیادت کرنی چاہیے۔‘

ترک خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار  کا کہنا ہے غزہ کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں نہتے عوام کو بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، غزہ میں غیر معمولی  واقعات پیش آ رہے ہیں ،جن کا تصور  کرنا بھی ناممکن ہے۔

سات اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری جارحیت میں اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں 40 ہزار سے زائد فلسطینی جان سے جا چکے ہیں اور 81 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں، کئی فلسطینی جان لیوا زخموں کا شکار ہے یا طویل عرصے تک معذوری کا سامنا کر رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ’پوری دنیا فلسطینی خواتین اور بچوں کےاندھا دھند قتل کا تماشہ دیکھ رہی ہے، اسرائیل عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق غزہ میں فوری طور پر اپنے مظالم روکے۔‘

آخر میں غیر معمولی اجلاس پر اسحاق ڈار نے جمہوریہ ترکیہ اور وزیر خارجہ حاقان فیدان کا اس بامعنی اجلاس کے اہتمام پر شکریہ ادا کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا