کوشش ہے کسی چینی شہری پر ذرہ بھر آنچ بھی نہ آئے: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات میں انہیں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی، جس پر چین کے سفیر نے اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کے موقعے پر (وزارت داخلہ)

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک مرتبہ پھر ملک میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ’کوشش ہے کہ کسی چینی شہری پر ذرہ بھر آنچ بھی نہ آئے۔‘

وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں واقع چین کے سفارت خانے میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین، پاکستان اور چین میں تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ’وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے اور چین کے صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر داخلہ نے چینی سفیر کو اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دیگر  منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینیئرز اور عملے کے سکیورٹی پلان پر بھی بریف کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ’چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے  جامع اور موثر  ایس او پیز بنائے ہیں۔ اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لیے الگ فورس ایس پی یو بنائی جا رہی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔‘

بقول وزیر داخلہ: ’کوشش ہے کہ کسی چینی شہری پر ذرہ بھر آنچ بھی نہ آئے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان اور چین کی لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ایسی کسی سازش کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘

بیان کے مطابق چینی سفیر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں اور پاکستان کے ساتھ  تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان