ٹی 20 ورلڈ کپ: 17 سال بعد انڈیا کی دوسری، روہت کی پہلی ٹرافی

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو سات رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ جیت لیا۔

29 جون، 2024 کی اس تصویر میں انڈیا کے کھلاڑی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا فائنل جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ، انڈیا نے جنوبی افریقہ کو سات رنز سے شکست دی(اے پی)

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو سات رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ جیت لیا۔

انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 176 رنز بنائے، جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی۔

ہفتے کو  برج ٹاؤن بارباڈوس میں انڈین کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

 پہلے کچھ اوورز تک تو یہ فیصلہ درست ہی دکھائی دیا لیکن یکے بعد گرنے والی انڈین وکٹس نے جنوبی افریقہ کے بولرز کو انڈین بلے بازوں کو دباؤ میں لانے کا موقع فراہم کیا۔

کپتان روہت شرما، رشبھ پنت اور سوریا کمار یادو ایک کے بعد ایک کر کے چلتے بنے لیکن یہاں انڈین اننگز کی ڈوبتی ناؤ کو ورلڈ کپ میں ابھی تک کچھ خاص کارکردگی نہ دکھانے والے وراٹ کوہلی نے سنبھالا۔

وراٹ کوہلی نے اکشر پٹیل کے ساتھ مل کر انڈین بیٹنگ لائن کو دباؤ سے نکالا اور سکور کو چودہویں اوور میں 100 تک پہنچا دیا۔

اکشر پٹیل 31 گیندوں پر 47، وراٹ کوہلی 59 گیندوں پر 76 اور شیوم دوبے 16 گیندوں پر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے انریک نورتیے اور کیشو مہاراج دو وکٹیں حاصل کر سکے جبکہ مارکو یینسن اور کاگیسو ربادا ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

جواب میں جنوبی افریقہ کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 12 کے سکور پر جنوبی افریقہ کے دو کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے لیکن یہاں کوئنٹن ڈی کوک نے ٹرسٹن سٹبز کے ساتھ مل کر جنوبی افریقہ کی اننگز کو سنبھالا۔

70 کے مجموعی سکور پر جب سٹبز آؤٹ ہوئے تو ہینریخ کلاسن بیٹنگ کرنے آئے۔

انہوں نے کوئنٹن ڈی کوک کے ساتھ مل کر جنوبی افریقہ کا سکور 100 تک پہنچا دیا جبکہ ابھی آٹھ اوورز باقی تھے۔

106 کے سکور پر کوئنٹن ڈی کوک آؤٹ ہوئے تو انڈیا کی میچ میں واپسی ممکن دکھائی دینے لگی۔

لیکن کلاسن نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی تاہم ہینریخ کلاسن جب 52 کے سکور پر آؤٹ ہوئے تو میچ پر انڈیا کی گرفت مضبوط ہونے لگی اور رہی سہی کسر ڈیوڈ ملر کی وکٹ نے نکال دی۔

سوریا کمار یادو نے یقینی چھکے کو کیچ میں بدل کر میچ انڈیا کی جھولی میں ڈال دیا۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے کوئنٹن ڈی کوک نے 39 اور ٹرسٹن سٹبز نے 31 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے ہردک پانڈیا نے تین جبکہ جسپریت بمرا اور ارشدیپ سنگھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ وراٹ کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جبکہ جسپریت بمرا کو 15 وکٹس حاصل کرنے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

وراٹ کوہلی کا ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

میچ کے اختتام پر وراٹ کوہلی کا ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’یہ میرا آخری ٹی 20 ورلڈ کپ تھا اور ہم یہی حاصل کرنا چاہتے تھے۔ میں نے اس دن ٹیم کے لیے کام کیا جس دن یہ اہمیت رکھتا تھا۔ یہ اب یا کبھی نہیں والا معاملہ تھا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ میرا انڈیا کے لیے آخری ٹی 20 تھا، میں اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتا تھا، ورلڈ کپ اٹھانا چاہتا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ اگلی نسل ذمہ داری سنبھالے، کچھ حیرت انگیز کھلاڑی ٹیم کو آگے بڑھائیں گے اور ہمارا پرچم لہراتے رہیں گے۔‘

سال 1998 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب جنوبی افریقہ کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا جبکہ انڈیا نے اپنا آخری ٹی 20 ورلڈ کپ 2007 میں جیتا تھا۔

کینزگٹن اوول برج ٹاؤن کی تاریخ

ٹی 20 ورلڈکپ کا فائنل ویسٹ انڈیز کے سب سے بڑے اور خوبصورت سٹیڈیم کینزگٹن اوول برج ٹاؤن میں کھیلا گیا۔

 برج ٹاؤن بارباڈوس کا دارالحکومت ہے۔ اس سٹیڈیم سے کرکٹ کی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔ یہ سر گارفیلڈ سوبرز، میلکم مارشل اور فرینک وارل جیسے عظیم کھلاڑیوں کا آبائی گراؤنڈ ہے۔

سمندر کے کنارے واقع اس سٹیڈیم کی اپنی ایک شان ہے۔ یہاں اولیں ٹیسٹ میچ 1930 میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ 2007 کے ایک روزہ اور 2010 کے ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل بھی اسی گراؤنڈ میں کھیلے گئے تھے۔

ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کو کتنی رقم ملے گی؟

آئی سی سی کی جانب سے تین جون کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے کل ایک کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کی انعامی رقوم کا اعلان کیا گیا تھا۔

بیس ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے والی ٹیم اس بار ٹرافی کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی حاصل کرے گی جو کہ آئی سی سی کے مطابق کم از کم ساڑھے 24 لاکھ ڈالرز ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقوم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 12 لاکھ 80 ہزار ڈالرز ملیں گے جبکہ سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں میں سے ہر ایک کو 787500 ڈالرز دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ سپر ایٹ مرحلے سے آگے بڑھنے میں ناکام ہونے والی چار ٹیموں میں سے ہر ایک کو 382500 ڈالرز ملیں گے جبکہ نویں، 10ویں، 11ویں اور 12ویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 247500 ڈالرز کی رقم دی جائے گی۔

ٹورنامنٹ میں سب سے آخر میں رہنے والی آٹھ ٹیموں کو بھی انعامی رقم میں سے 225000 ڈالرز فی ٹیم دیے جائیں گے۔

یہی نہیں بلکہ ہر ٹیم کو سیمی فائنل اور فائنل سے ہٹ کر ہر میچ جیتنے پر 31154 ڈالرز اضافی بھی ملیں گے۔

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اب تک کا سب سے بڑا ٹی 20 ورلڈ کپ ہے جو 28 روز تک جاری رہا اور اس دوران کل 55 میچز کھیلے گئے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ