انگلینڈ کرکٹ ٹیم دو سال میں دوسری بار اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں وہ ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
انگلش ٹیم نے 2022 میں 17 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور بین سٹوکس کی قیادت میں 3-0 سے ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔
29 ستمبر کو انگلینڈ کے ہوم سمر سیزن کے اختتام اور آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے بعد وہ پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ سات اکتوبر سے ملتان میں کھیلے گا۔
کراچی ٹیسٹ 15 اکتوبر سے شروع ہوگا اور سیریز کا آخری میچ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اے ایف پی کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رچرڈ گولڈ نے کہا ہے کہ ’ہم اکتوبر میں تین ٹیسٹ میچ کھیلنے دوبارہ پاکستان جانے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ ’ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کے آخری دورے میں کچھ یادگارمیچز کھیلے گئے اور مجھے یقین ہے کہ شائقین اس سیریز میں مزید دلچسپ کرکٹ کے منتظر ہوں گے۔‘
انگلینڈ نے دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں جبکہ نومبر میں ویسٹ انڈیز اور آئندہ سال انڈیا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز بھی کھیلنی ہے۔
دوسری جانب پاکستان اپنے ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے کرے گا جو راولپنڈی میں 21 سے 25 اگست تک اور کراچی میں 30 اگست سے تین ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ بھی کرے گی جہاں وہ چار نومبر سے سات جنوری کے دوران دو ٹیسٹ، نو ون ڈے اور نو ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔