امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیش نظر گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ایک آبدوز بھیجنے اور یو ایس ایس ابراہم لنکن طیارہ بردار بحری جہاز کی علاقے میں زیادہ تیزی سے روانگی کا حکم دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور دیگر اتحادی اسرائیل اور حماس پر فائر بندی کے معاہدے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں جو تہران میں حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ اور بیروت میں حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر کے قتل کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ان رہنماؤں کے قتل کے بعد ایران اور حزب اللہ دونوں کی طرف سے اسرائیل کو جوابی حملوں کی دھمکی دی گئی ہے جس کے پیش نظر پینٹاگون خطے میں اپنی موجودگی کو بڑھا رہا ہے۔
پینٹاگون کے پریس سکریٹری میجر جنرل پیٹ رائڈر نے ایک بیان میں کہا کہ لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے ساتھ بات کی اور امریکہ کے ’اسرائیل کے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘
طیارہ بردار بیڑہ ابراہم لنکن، جو کہ ایشیا پیسیفک میں سفر کر رہا ہے، کو پہلے ہی خطے میں پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے اور یہ یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ طیارہ بردار بحری جہاز کی جگہ لے گا جو مشرق وسطیٰ سے واپس امریکہ جانے کی تیاری میں ہے۔ آسٹن نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ لنکن مشرق وسطیٰ میں سینٹرل کمانڈ کے علاقے میں رواں مہینے کے آخر تک پہنچ جائے گا۔
اس کیریئر پر ایف 35 اور ایف اے 18 لڑاکا طیارے موجود ہیں۔
رائڈر نے یہ نہیں بتایا کہ یو ایس ایس جارجیا گائیڈڈ میزائل آبدوز کتنی جلدی خطے میں پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آسٹن اور ان کے اسرائیلی ہم منصب نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور شہری نقصان کو کم کرنے کی اہمیت پر بھی بات کی۔
یہ بات چیت ہفتے کی صبح غزہ میں سکول میں قائم پناہ گاہ پر اسرائیلی فضائی حملے کے ایک دن بعد کی گئی جس میں کم از کم 80 فلسشطینی جان سے گئے۔
اس دوران حماس نے اتوار کو ثالثوں پر زور دیا کہ وہ معاہدے مزید بات چیت کرنے کے بجائے امریکی صدر جو بائیڈن کے پیش کردہ فائر بندی کے منصوبے پر عمل درآمد کریں۔
بین الاقوامی ثالثوں نے اسرائیل اور حماس کو ایک فائر بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی دعوت دی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسرائیل، جس کے وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو پر سیاسی فائدے کے لیے جنگ کو طول دینے کا الزام ہے، نے جمعرات کو طے شدہ مذاکرات کے دور کے لیے امریکہ، قطر اور مصر کی دعوت قبول کر لی ہے۔
حماس نے اتوار کو کہا کہ وہ مذاکرات کے مزید دور یا نئی تجاویز کی بجائے 31 مئی کو بائیڈن کی طرف سے پیش کردہ جنگ بندی کے منصوبے پر عمل درآمد اور بعد میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس کی توثیق کی چاہتی ہے۔ بجائے اس کے کہ دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے تازہ حملے میں دو اس کے جنگجو مارے گئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لبنانی گروپ نے کہا کہ یہ اموات اتوار کو اسرائیل کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے کے نیتجے میں ہوئیں۔
لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں طیبہ گاؤں کو نشانہ بنایا گیا جہاں دو افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے ’دن بھر حزب اللہ کے کئی فوجی ڈھانچوں کو عدیسہ کے علاقے میں نشانہ بنایا جو طیبہ گاؤں کے قریب ہے۔
حزب اللہ نے کہا کہ پیر کو رات گئے اس نے اسرائیلی حملے کے جواب میں راکٹ فائر کیے جس میں شمالی اسرائیل میں تعینات فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا۔