پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اتوار کو کہا ہے کہ میچ فکسنگ کے حوالے سے موجودہ ٹیم پر کوئی انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں، کوچز جیسن گلیسپی، ٹم نیلسن اور گیری کرسٹن سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹیم کے ریڈ بال اور وائٹ بال کوچز بہترین ہیں، بہت اچھا موقع ہے کوچز کے ساتھ کام کرنے کو مل رہا ہے، نو ٹیسٹ میچز میں سے زیادہ میچز جیتنا ہوں گے، ٹیم مینجمنٹ میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں، گذشتہ 10 ماہ سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، آسٹریلیا سے سیریز اچھی کھیلی لیکن جیتے نہیں۔‘
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا باعث فخر ہے، ٹیسٹ کرکٹ سب سے زیادہ چیلنجنگ ہوتی ہے کیونکہ اس کے کئی مرحلے ہوتے ہیں اور گیم ہر روز بدل رہی ہوتی ہے۔‘
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ’پاکستان اپنے سٹائل کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا، ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، ایسی کرکٹ کھیلیں گے جس سے پاکستانی شائقین کرکٹ کو ارشد ندیم کی طرح خوشیاں دے سکیں۔‘
بنگلہ دیش کے خلاف 21 اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیم بھرپور محنت کر رہی ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں شان مسعود نے کہا کہ ’میں کسی کی نیت پر سوال نہیں کر سکتا۔ میچ فکسنگ کے حوالے سے ٹیم پر کوئی انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی، کیونکہ موجودہ سیٹ اپ میں ایسی کئی چیز نہیں ہو رہی جس سے اس طرف انگلی اٹھائی جا سکے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شان مسعود کے مطابق: ’ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں نو ٹیسٹ میچز رہ گئے ہیں جس میں سے زیادہ سے زیادہ میچز جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں، اگر ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں لیڈ کرنا ہے تو اچھا کھیلنا ہو گا۔‘
پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں شروع ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کیا ہے، شان مسعود کپتان جب کہ سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
اس سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔