بنگلہ دیش سے پہلی بار ٹیسٹ ہارنے پر پاکستانی کپتان کی معذرت

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اتوار بنگلہ دیش کے خلاف پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ ہارنے پر قوم سے معذرت کر لی۔

20 اگست، 2024 کی اس تصویر میں پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے(اے ایف پی)

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اتوار بنگلہ دیش کے خلاف پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ ہارنے پر قوم سے معذرت کر لی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار شکست دے دی۔

میچ کے پانچویں روز پاکستانی ٹیم نے 146 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا ہے جو بنگلہ دیش نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پانچویں روز پاکستانی اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود کی وکٹ گرنے سے ہوا جس کے بعد بابر اعظم نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔

بابر اعظم اپنی اننگز کے آغاز میں خوش قسمت رہے جب ان کا کیچ بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر نے گرا دیا۔

بابر اعظم اس چانس کے باوجود لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 22 رنز بنا کر چلتے بنے۔ نائب کپتان سعود شکیل اور آغا سلمان بغیر کوئی رنز بنائے واپس لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی، جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے 565 رنز بنائے تھے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کے ہاتھوں 13 میں سے 12 ٹیسٹ میچوں میں شکست کا منہ دیکھا اور صرف ایک میچ ہی ڈرا کر پائے تھے۔

پاکستانی کپتان کی معذرت

اتوار کو میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے مزید کہا ہے کہ ’بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست سے قوم کو مایوسی ہوئی جس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

’بنگلہ دیش نے اچھی کرکٹ کھیلی اور میچ جیتا، اگلے میچ میں کم بیک کریں گے اور قوم کو خوشیاں دیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’پہلی اننگز میں مشفق الرحیم اور مہدی حسن میراز کو چانس دیا، فیلڈنگ میں کافی غلطیاں ہوئیں اور کچھ سپیل ایسے تھے جن میں بہت زیادہ رنز بنے۔‘

 شان مسعود نے کہا کہ ’پہلے چار دن وکٹ فاسٹ باؤلرز کے لیے سازگار تھی اور پانچویں دن سپنرز کو مدد ملی۔ گرین پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے فاسٹ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بنگلہ دیش کی ٹیم کو کریڈٹ دینا چاہیے انہوں کھیل کے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’موسم کی صورت حال کو ذہن میں رکھتے ہوئے پہلی اننگز جلدی ڈکلیئر کر دی تھی کیونکہ راولپنڈی میں میچ سے قبل بھی بہت زیادہ بارشیں ہوئیں اور میچ کے دوران بھی بارش کے امکانات تھے۔‘

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو اسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو پہلے کراچی میں شیڈول تھا کیوں کہ چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل بینک سٹیڈیم میں تعمیراتی کام دن رات جاری ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ