خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں 16 دسمبر 2014 کو آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پر حملے میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز نے منگل کو بتایا کیا کہ انہیں برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے اعزازی برٹش امپائر میڈل سے نوازا ہے۔
ایکس پر انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ اعزاز برطانیہ کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے۔
پوسٹ میں احمد نواز نے لکھا: ’یہ اعزاز میرے غیرمتزلزل عزم اور میری برسوں پرانی خدمات کا اعتراف ہے جن میں دنیا بھر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانا شامل ہے۔
’اس سفر کو جاری رکھنے کا میرا عزم مضبوط ہوا ہے اور میں آنے والے سالوں میں بہت سے نوجوانوں کو متاثر کرنے اور بااختیار بنانے کا کام کرتا رہوں گا۔‘
آرمی پبلک سکول کو جب شدت پسندوں نے نشانہ بنایا تو وہاں درجنوں طلبہ کی اموات ہوئیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان طلبہ کے علاوہ کئی طلبہ ایسے بھی تھے جو اس حملے میں زخمی ہوئے، جن میں سے شدید زخمی طلبہ کو پاکستان فوج اور حکومت پاکستان کے تعاون سے بیرون ملک علاج کے لیے بھیجا گیا۔
احمد نواز بھی ایسے ہی ایک طالب علم تھے جنہیں برطانیہ بھیجا گیا تھا۔ برمنگھم میں اپنے علاج کے بعد احمد نواز نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور آکسفورڈ یونیوسٹی میں داخلہ لے کر تعلیم حاصل کی۔
احمد نواز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ بے نظیر بھٹو کے بعد آکسفورڈ سٹوڈنٹ یونین کے صدر بننے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔
اس سے قبل، پشاور آرمی پبلک سکول سے آکسفورڈ تک کے سفر کے حوالے سے احمد نواز نے اس سے قبل اپنے آکسفورڈ میں تعلیمی سفر سے متعلق کہا تھا کہ ’سفر کافی مشکل تھا مگر حوصلہ افزا بھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب میں انگلینڈ آیا تو پہلے یہاں ایڈجسٹ ہونا اور پھر یونیورسٹی میں کافی دشواری کا سامنا تھا مگر اللہ نے ہمت دی اور اب آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کر لی۔‘