سعودی وفد کی آمد، دو ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کا امکان

سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں سعودی وفد نو سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں رہے گا۔

سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد بدھ کو اسلام آباد پہنچا جہاں وفاقی وزیر مصدق ملک، جام کمال خان اور عبدالعلیم نے ان کا استقبال کیا (سکرین گریب/ پی ٹی وی)

سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد بدھ کو پاکستان پہنچ گیا ہے۔

اسلام آباد پہنچنے پر وفاقی وزیر مصدق ملک، جام کمال خان اور عبدالعلیم نے نور خان ایئربیس پر سعودی وفد کا استقبال کیا۔

اس تین روزہ دورے کے دوران دو ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔

سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں سعودی وفد نو سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں رہے گا۔

سعودی وفد میں سرکاری اداروں کے علاوہ نجی شعبے کے نمائندے بھی شامل میں ہیں اور دیگر مصروفیات کے علاوہ وفد کی پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔

اس حوالے سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ ’سعودی وفد آ رہا ہے اور دو ارب ڈالر سے زیادہ ہمارے ان کے ساتھ ایگریمنٹ یا ایم او یوز ہونے ہیں۔‘

اس سے قبل پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ ’اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مثبت تحریک دینا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق یہ دورہ رواں سال اپریل میں وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے مفاہمت کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی حکومت کو توقع ہے کہ آنے والے برسوں میں سعودی عرب یہاں مختلف شعبوں خاص طور پر معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کرے گا۔

رواں سال اپریل ہی میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں اور اس سلسلے میں اہم کام آئندہ چند مہینوں میں شروع ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت