بنگلورو میں جمعرات کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انڈین بلے باز اپنی ہی کنڈیشنز میں بری طرح ناکام رہے ہیں جن میں ویراٹ کوہلی سمیت پانچ کھلاڑی تو کھاتہ بھی نہ کھول پائے۔
بارش سے پہلا دن متاثر ہونے کے بعد دوسرے روز انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اب تک بظاہر غلط ثابت ہوا ہے اور پوری ٹیم صرف 46 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی ہے۔
یہ انڈیا کا اپنی ہی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم سکور ہے۔ اس سے قبل انڈیا کا ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی سرزمین پر سب سے کم سکور 75 تھا جو اس نے 1987 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف نئی دہلی میں بنایا تھا۔
جبکہ انڈیا کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم سکور 36 ہے جو اس نے 2020 میں آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں بنایا تھا۔
انڈیا نے اننگز کا آغاز کیا تو ویراٹ کوہلی، سرفراز خان اور کے ایل راہل سمیت پانچ بلے باز صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان روہت شرما صرف دو رنز ہی بنا سکے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 20 جبکہ جسوال نے 13 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے بولرز نے اس انداز میں عمدہ کارکردگی دکھائی کہ کپتان نے صرف تین بولرز ہی کا استعمال کیا اور انڈیا کی دس وکٹیں حاصل کر لیں۔
ان تین بولرز میں سے میٹ ہینری نے پانچ، نوجوان ولیم او رورک نے چار جبکہ تجربہ کار ٹم ساؤدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز بدھ سے ہونا تھا تاہم بارش کے باعث پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ٹاس ہی نہیں ہو پایا تھا۔