تقریر کے دوران مائیک خراب، ٹرمپ 20 منٹ سٹیج پر ٹہلتے رہے

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست مشی گن میں جمعے کو ہونے والی ایک تقریب کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب تقریر کے دوران سٹیج پر نصب مائیکروفون خراب ہو گیا۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست مشی گن میں جمعے کو ہونے والی ایک تقریب کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب تقریر کے دوران سٹیج پر نصب مائیکروفون خراب ہو گیا جس کے بعد وہ تقریباً 20 منٹ تک سٹیج پر ٹہلتے رہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تقریر کے دوران ٹرمپ اپنے پسندیدہ موضوعات میں سے ایک، ’محصولات‘ پر گفتگو کرنے والے تھے اور اسے ’لغت میں سب سے خوبصورت لفظ‘ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک آواز بند ہو گئی۔

اس دوران ہجوم نے ان کی حمایت میں ’امریکہ‘ اور ’ہم ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں‘ کے نعرے لگائے۔

لیکن مائیکروفون نہ ہونے کی وجہ سے ٹرمپ سٹیج پر بس اِدھر اُدھر چلتے رہے۔ مایوسی کی وجہ سے وہ  کبھی کبھار اپنی پیٹھ مجمعے کی طرف کر لیتے تھے۔

ایک ہفتے میں یہ دوسرا موقع تھا جب ان کے کسی پروگرام میں خلل پڑا، حالانکہ آخری بار، پیر کو، ٹرمپ نے ایک ٹاؤن ہال میں سوالات کے دوران اس وقت گانے چلوائے جب وہاں موجود لوگوں میں سے متعدد کو طبی امداد دینی پڑی تھی۔

تاہم اس بار لگا کہ، ٹرمپ کا اس معاملے پر بہت کم کنٹرول تھا، وہ خاموشی سے کھڑے تھے جبکہ کمرے میں سکرینوں پر ’تکنیکی مشکلات‘ اور ’پیچیدہ کام‘ کے پیغامات نظر آ رہے تھے۔

ٹرمپ اپنے تشخص اور اپنی ریلیوں کے طریقہ کار کے حوالے سے مشہور ہیں، اور وہ اکثر مائیکروفونز اور ٹیلی پرومپٹرز پر تبصرہ کرتے ہیں۔

اس سے قبل جمعے کو ’فاکس اینڈ فرینڈز‘ کے میزبان نے مذاق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ انٹرویو کے لیے بیٹھتے وقت لائٹنگ کو ایڈجسٹ کرنا پسند کرتے ہیں۔

ان کے معاونین کے متعلق مشہور ہے کہ وہ متعدد بیک اپ مائکس ساتھ رکھتے ہیں لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ وہ جمعے کو فوری طور پر ایک اور مائیک کا بندوبست کرنے میں کیوں تاخیر کا شکار ہوئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نائب صدر کملا ہیرس کی انتخابی مہم چلانے والوں نے اس موقع کی ویڈیو کا استعمال کرتے ہوئے اپنے پیغام کو پھیلایا کہ 78 سالہ ٹرمپ کے پاس دوبارہ صدر بننے کی توانائی نہیں ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’تھکے ہوئے ٹرمپ اپنے مائیکروفون بند ہونے کے بعد سٹیج پر عجیب انداز میں دائروں میں چلتے ہیں۔‘

ٹرمپ کی تقریر میں تعطل کے دوران جیسے جیسے تاخیر ہوتی گئی، ہجوم تالیاں بجاتا اور نعرے لگاتا رہا۔

اور آخر کار، تقریباً 20 منٹ کے بعد، ایک معاون نے ٹرمپ کو ایک متبادل مائیکروفون لا کر دیا، جو چل گیا۔

جس کے بعد انہوں نے کہا کہ ’میں اس احمق کمپنی کا بل ادا نہیں کروں گا، میں یہ بل ادا نہیں کروں گا، اور پھر ہماری ایک خبر بنے گی کہ ٹرمپ نے ایک ٹھیکیدار کو بل ادا نہیں کیا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ