غزہ جنگ ختم کرنے کا وقت آ گیا: امریکی وزیر خارجہ

نتن یاہو سے ہونے والی ملاقات میں بلنکن نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی موت کے بعد غزہ میں فائربندی پر کام کرے۔

22 اکتوبر 2024 کو امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن اور اسرائیلی صدر تل ابیب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (اے ایف پی/ نیتھن ہاورڈ)

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے اسرائیل کو ایران کے ساتھ مزید کشیدگی بڑھانے سے روکتے ہوئے بدھ کو کہا کہ ’اب وقت آ گیا ہے‘ کہ غزہ میں جنگ کو ختم کیا جائے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سات اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی کی غزہ پر جاری جارحیت کے دوران بلنکن نے 11 دفعہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا۔

اپنے گیارہویں دورے میں بلنکن نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلنکن نے اپنے دورے میں غزہ میں تنازعے کو ختم کرنے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلنکن نے زور دیا کہ ’تمام قیدیوں کی رہائی اور غزہ میں تنازعے کو ایسے ختم کرنا ہے جس سے اسرائیلیوں اور فلسطییوں میں دیرپا تحفظ قائم رہے۔‘

غزہ میں امداد کی ترسیل کے حوالے سے بلنکن نے کہا کہ ’پیشرفت ہو رہی ہے، جو کہ اچھا ہے، مگر مزید پیش رفت کی ضرورت ہے اور اسے قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔‘

ایران کی جانب سے اسرائیل پر  یکم اکتوبر کو ہونے والے میزائل حملے کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’یہ بہت اہم ہے کہ اسرائیل ان طریقوں سے جواب دے کہ مزید کشیدگی نہ ہو۔‘

منگل کو نتن یاہو سے ہونے والی ملاقات میں بلنکن نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی موت کے بعد غزہ میں فائربندی پر کام کرے۔

61 سالہ یحییٰ سنوار کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سات اکتوبر کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے چند منصوبہ سازوں میں سے ایک تھے۔

بلنکن نے غزہ میں امداد کی ترسیل پر زور دیا کہ کیونکہ ہزاروں افراد اسرائیلی جارحیت کے باعث بے گھر ہو چکے ہیں یا پناہ لینے پر مجبور ہیں تاہم اسرائیلی حملوں سے بمشکل کوئی جگہ محفوظ ہے۔

اسرائیل سے واپس جاتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ ’ایک سال قبل سات اکتوبر کے بعد سے اسرائیل نے اپنے سٹریٹیجک اہداف حاصل کر لیے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ان کامیابیوں کو سٹریٹیجک فتح میں تبدیل کیا جائے۔‘

بلنکن سعودی عرب پہنچ گئے

اسرائیل کے بعد امریکی وزیر خارجہ بلنکن بدھ کو سعودی عرب کے دورے کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تل ابیب سے جاتے وقت بلنکن نے کہا کہ ’ سب کچھ ہونے کے باوجود، اس خطے میں بالکل مختلف سمت میں جانے کا ایک ناقابل یقین موقع رہتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ سعودی عرب ان سب (معاملات) کے وسط میں ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے مطابق اینٹنی بلنکن جمعے کو لندن میں اپنے عرب ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔

امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ بلنکن قطر میں بات چیت کے بعد لندن کا رخ کریں گے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ برطانوی دورے میں کن وزرا سے ملاقات کریں گے۔

بلنکن نے جمعرات کو قطر پہنچنا ہے جہاں وہ غزہ میں فائربندی اور قیدیوں کی رہائی کی ڈیل پر بات کریں گے۔

چھ اکتوبر کو، اسرائیل نے شمالی غزہ میں پھر سے حملہ شروع کیا، جس میں جبالیہ کے نواحی علاقے بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنا رہا ہے جو وہاں دوبارہ جمع ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے نے جمعے کی رات کہا کہ وہ ’شمالی غزہ میں شہریوں کو درپیش بڑھتی ہوئی سنگین اور خطرناک صورت حال کے بارے میں مسلسل خبردار کر رہا ہے۔

دوسری طرف حماس سے غزہ میں لڑنے کے ساتھ اسرائیل نے ستمبر میں حزب اللہ پر حملے شروع کر دیے۔

سات اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ میں وزارت صحت کے مطابق 42 ہزار 718 لوگ جان سے مارے گئے ہیں جبکہ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے اسرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 206 ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا