چین کے ژورونگ مریخ روور کو اس سرخ سیارے پر ایک قدیم ساحل کے ثبوت ملے ہیں۔
’سائنٹیفک رپورٹس‘ نامی جریدے میں دی گئی تفصیلات کے مطابق، جنوبی یوٹوپیا کے علاقے میں ساحلی پٹی ممکنہ طور پر ایک سمندر کی باقیات ہیں جو مریخ کی ابتدائی تاریخ میں 3.5 ارب سال پہلے مختصر مدت کے لیے موجود تھا۔
ژورونگ روور مئی 2021 میں مریخ پر اترا تھا، یہ جہاز سیارے کے شمالی نصف کرہ میں ایک نشیبی میدان واستاس بوریلس میں موجود ذخائر کا تجزیہ کر رہا ہے۔
سیارے کے شمالی نشیبی علاقوں میں واقع اس علاقے کے بارے میں طویل عرصے سے قیاس کیا جاتا رہا ہے کہ اس میں کبھی سمندر تھا۔
یہاں پائے جانے والے معدنیات کے باریک دانے جیسے ہائیڈریٹڈ سلیکا، آتش فشاں سرگرمی کے مقابلے میں ساحلی علاقوں سے زیادہ مطابقت رکھتے ہیں۔
محققین نے جنوبی یوٹوپیا پلانیٹیا میں پائے جانے والے معدنیات کی سطح کی عمر اور ساخت کا اندازہ لگانے کے لیے 2005 میں لانچ کیے گئے ژورونگ روور اور مریخ ریکنسنس آربیٹر کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔
اس تجزیے سے سیارے کے اس حصے میں مختلف ارضیاتی خصوصیات کا پتہ چلتا ہے، جیسے کھائیاں اور مٹی سے بنے راستے یا نالے، جو ایک قدیم ساحلی علاقے سے مطابقت رکھتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس تجزیے کے نتیجے میں محققین کو شبہ ہوا کہ یہ ذخائر تقریباً 3.68 ارب سال قبل ممکنہ سیلاب کے واقعے کی وجہ سے بنے تھے۔ ہو سکتا ہے کہ یہ ساحل ایک قلیل مدتی سمندر کی وجہ سے تشکیل پایا ہو، جس کی سطح ممکنہ طور پر 3.42 ارب سال پہلے منجمد اور غائب ہو گئی ہو۔
محققین نے بتایا: ’ہم نے ریموٹ سینسنگ ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے لینڈنگ ایریا کا جامع جیومورفولوجیکل تجزیہ کیا، جس میں سیٹو مشاہدات شامل تھے اور جنوبی یوٹوپیا میں قریب ساحلی علاقے سے مطابقت رکھنے والی خصوصیات کا انکشاف ہوا۔‘
سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ ژورونگ روور کی یہ پیمائش مریخ پر کسی قدیم سمندر کی موجودگی کا براہ راست ثبوت فراہم نہیں کرتی۔
لیکن اس تجزیے سے اس امکان میں اضافہ ہوا کہ جنوبی یوٹوپیا پلانیٹیا کے علاقے میں پانی کا ایک اہم ذخیرہ موجود ہو سکتا ہے، جس سے مریخ کے ارتقا کے بارے میں ہماری تفہیم میں اضافہ ہوا ہے۔
محققین کو امید ہے کہ یہ نتائج مریخ پر قدیم پانی کے ذخائر کی ممکنہ موجودگی اور سیارے کی جیولوجی کے بارے میں تحقیقات کے لیے مستقبل کے مشنوں کے لیے ممکنہ لینڈنگ سائٹس کے انتخاب میں مددگار ثابت ہوں گے۔
© The Independent