پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اتوار کو مسلم ممالک سے فلسطین کے لیے فوری و مؤثر عملی اقدامات کی اپیل اور غیر مشروط جنگ بندی، انسانی امداد کی بغیر رکاوٹ فراہمی اور اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اتوار کو عرب اسلامک سمٹ کے لیے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جنگی جرائم کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا اور تل ابیب کے احتساب کا مطالبہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی جرائم کی محض مذمت کافی نہیں ہوگی بلکہ مسلم امہ کو فلسطینی عوام کے لیے انصاف کے حصول کی غرض سے ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہو گا۔
اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی مہم جوئی پر تشویش کا اظہار کیا، جو خطے میں امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عرب لیگ کی فلسطینی کاز کے لیے غیر متزلزل لگن کو سراہا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کے نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فلسطین سے متعلق قرارداد پر فی الفور عمل درآمد اور فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن بنانے کی حمایت کی ضرورت پر بھی زور دیا، جب کہ اسرائیل کی اقوام متحدہ میں رکنیت پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اسرائیل پر اسلحہ حاصل کرنے سے متعلق پابندیاں لگانے کا مطالبہ بھی کیا۔
اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ سے متعلق مختلف عرب اسلامی تنظیموں کی منظور کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیش رفت کے متعلق رابطہ رکھنے کی غرض سے مشرق وسطیٰ کے حوالے سے ایک مشترکہ مشیر نامزد کرنے کی بھی تجویز دی۔