اسرائیلی امدادی کارکنوں کے مطابق پیر کو اسرائیل کے تجارتی دارالحکومت تل ابیب کے مضافات میں راکٹ حملے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے جن میں ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ تل ابیب اور وسطی اسرائیل کے کئی شہروں میں راکٹ حملے سے پہلے ہوائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے لبنان سے آنے والے ایک راکٹ کو فضا میں ہی تباہ کر دیا جب کہ اسرائیلی پولیس نے تل ابیب کے علاقے میں راکٹ کے ٹکڑے گرنے کی اطلاعات موصول ہونے کی تصدیق کی۔
ادھر حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے ’حملہ آور ڈرونز‘ تل ابیب کے شہر میں ’حساس فوجی مقامات‘ پر حملے کے لیے بھیجے اور جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی ڈرون کو مار گرایا۔
حزب اللہ نے منگل کو ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل کے قصبے کریات شمونا پر راکٹوں کی بوچھاڑ کی۔
اسرائیل کی جانب سے ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام کے جائزے کے مطابق اسرائیلی انٹرسیپٹر میزائل نے ’لبنان سے داغے گئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کو بلندی پر ہدف بنایا اور اسے کئی حصوں میں تقسیم کر دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’اس کارروائی کے نتیجے میں میزائل کے کچھ حصے زمین پر گرے، جس سے نقصان اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔‘
اسرائیل کی قومی ایمرجنسی میڈیکل سروس کے مطابق اس کے سب سے پہلے موقعے پر پہنچنے والے امدادی کارکنوں نے رامات گان کے علاقے، جو تل ابیب کے قریب ہے، میں راکٹ حملوں کے بعد پانچ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب رامات گان میں اے ایف پی ٹی وی کی طرف سے بنائی گئی فوٹیج میں آگ دکھائی دی جو ایک ٹرانسمیشن ٹاور کے نیچے فٹ پاتھ پر بھڑک اٹھی تھی جبکہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹے ہوئے تھے۔
اس سے قبل آگ بجھانے والے اسرائیلی ادارے کے ترجمان نے کہا کہ شمالی اسرائیل کے شہر شفرام میں کیے گئے راکٹ حملے کے نتیجے میں ایک خاتون جان سے گئیں۔ یہ شہر حیفہ کے علاقے کے مشرق میں واقع ہے۔