وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیر اعظم ہاؤس، اسلام آباد میں سوموار کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ قلیل عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں سے سات کو معاہدوں کی شکل دی جا چکی ہے۔
ان معاہدوں کی مجموعی مالیت 560 ملین ڈالر ہے، جو پاکستان اور سعودی عرب کے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
اجلاس میں وزیرِاعظم نے دونوں ممالک کے جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں بھرپور تعاون کیا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراک کو مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔
انہوں نے نومبر میں منعقدہ پاکستان-سعودی عرب جوائنٹ ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس کی کامیابی کو بھی سراہا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ قلیل عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخت ہوئے، جس میں سے سات کو معاہدوں کی شکل دی جا چکی ہے جس کی مالیت 560 ملین ڈالرہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد، اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان جاری منصوبوں کی جلد تکمیل اور مستقبل میں مزید شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔
یو اے ای کے 53ویں قومی دن پر مبارک باد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوموار کو متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو ان کے 53 ویں قومی دن کے موقع پر مبارک باد پیش کی۔
اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا، ’ہمیں متحدہ عرب امارات کے ترقی اور خوشحالی کے شاندار سفر پر فخر ہے جو مرحوم عزت مآب شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی دانش مندی اور فہم و فراست کا نتیجہ ہے۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ یو اے ای کی قیادت نے اس وژن کو جاری رکھا، خاص طور پر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی جدت پر مبنی قیادت نے اسے مزید بلندیوں تک پہنچایا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ یو اے ای کا ثابت قدم بھائی اور شراکت دار رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور انہیں باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔