سردیاں الیکٹرک گاڑیوں کی رینج اور چارج کو کیسے متاثر کرتی ہیں؟

لیتھیم بیٹریوں سے چلنے والی ہر چیز کی طرح الیکٹرک گاڑیاں بھی سرد موسم میں کم مؤثر کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔

الیکٹرک گاڑیوں کو سرد موسم میں چلانے سے پہلے پری کنڈیشننگ کیا جانی چاہیے (پول سٹار)

الیکٹرک گاڑیاں (ای وی) سرد موسم میں کم مؤثر کارکردگی دکھاتی ہیں۔ کم درجہ حرارت ناصرف ای وی کی رینج کو متاثر کرتا ہے بلکہ یہ بیٹری کے چارج ہونے کی رفتار اور اس کے ری جنریٹیو بریکنگ سسٹم پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے۔

یہ بات دیگر مصنوعات کے لیے بھی درست ہے، جیسے سمارٹ فون، لیپ ٹاپ اور کیمرے کیونکہ لیتھیم بیٹریاں سرد موسم میں کم مؤثر کارکردگی دکھاتی ہیں۔ 
 
یہ 12 وولٹ بیٹریوں پر بھی لاگو ہوتا ہے جو پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں میں استعمال ہوتی ہیں، جو درجہ حرارت گرنے پر کم مؤثر ہو جاتی ہیں۔
 
لیکن ای ویز کے لیے یہ اثرات زیادہ نمایاں ہو سکتے ہیں۔ آپ شاید یہ محسوس نہ کریں کہ سرد دن میں باہر آپ کا آئی فون بیٹری زیادہ تیزی سے ختم ہو رہا ہوتا ہے، یا آپ کی پیٹرول کار کو کسی سرد صبح میں سٹارٹ ہونے میں ایک اضافی سیکنڈ لگا – لیکن آپ یہ ضرور محسوس کریں گے جب آپ کی ای وی معمول کی رینج سے 10 سے 30 فیصد کم رہ جائے۔
 
یہ اعداد و شمار ای وی چارجنگ کمپنی پوڈ پوائنٹ سے حاصل کیے گئے ہیں، جو یہ بھی بتاتی ہے کہ سرد موسم ختم ہونے کے بعد بیٹری کی کارکردگی معمول پر واپس آ جاتی ہے۔ 
 
یہ یاد رکھنا بھی ضروری ہے کہ ای وی کو پری کنڈیشن کرنا سرد موسم کے اثرات کو کم کرتا ہے، اور درجہ حرارت کم ہونے پر اپنی ای وی سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے کئی مشورے اور ترکیبیں موجود ہیں۔
 
چونکہ بیٹریاں سرد موسم میں کم مؤثر کارکردگی دکھاتی ہیں، اس لیے سردیوں کے مہینوں میں درجہ حرارت گرنے کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں کی رینج عام طور پر کم ہو جاتی ہے۔ 
 
ای وی چارجنگ کمپنی پوڈ پوائنٹ کہتی ہے: ’الیکٹرک گاڑی کی بیٹریاں ایک پیچیدہ کیمیائی عمل کے ذریعے کام کرتی ہیں۔ انتہائی درجہ حرارت، چاہے وہ نقطہ انجماد کے قریب ہو یا شدید گرمی کی لہر، ای وی کی بیٹری 100 فیصد مؤثر نہیں رہتی، اور آپ رینج میں تقریباً 10 سے 30 فیصد کمی کی توقع کر سکتے ہیں۔‘
 
ناروے کی آٹوموبائل فیڈریشن – نورجیز آٹوموبل-فوربند – کے ذریعے سب زیرو سردیوں کے موسم میں کی گئی سالانہ جانچ سے یہ معلوم ہوا کہ ای وی کی رینج چار سے 30 فیصد تک کم ہو سکتی ہے، اور چارجنگ کی رفتار پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
 
جنوری 2024 میں کیے گئے حالیہ ٹیسٹ میں پایا گیا کہ چینی ای وی HiPhi Z نے سرد موسم میں چلانے پر اپنی اشتہاری رینج کا صرف 5.9 فیصد کھویا، جبکہ پول سٹار 2، ولوو C40 ریچارج، ٹویوٹا bZ4X، اور ووکس ویگن ID.7 نے 30 فیصد یا اس سے زیادہ رینج کھو دی۔ 
ٹیسلا ماڈل تھری کی رینج میں 29.9 فیصد کمی ہوئی، اور کیا EV9 نے اپنی رینج کا 12.5 فیصد کھویا۔
 
اور یاد رکھیں – برطانیہ کے مقابلے میں بہت زیادہ سرد ہونے کے باوجود ناروے کی سڑکوں پر مکمل طور پر الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں سے زیادہ ہے۔
 
جی ہاں، کیونکہ سرد موسم بیٹری کے اندر ہونے والے کیمیائی ردعمل کو سست کر دیتا ہے، چاہے جب گاڑی چلانے کے لیے بیٹری استعمال ہو رہی ہو یا جب اسے چارج کیا جا رہا ہو۔
 
چونکہ ان بیٹریوں کے کام کرنے کے لیے ایک مثالی درجہ حرارت ہوتا ہے، اس لیے الیکٹرک گاڑیاں اس وقت زیادہ تیزی سے چارج ہوتی ہیں جب ان کی بیٹری گرم ہو۔

اسی لیے زیادہ تر ای ویز چارجنگ سٹیشن کے قریب پہنچنے پر اپنی بیٹری کو پری کنڈیشن کرتی ہیں، تاکہ جب آپ پلگ ان کریں تو یہ تیزی سے چارج کے لیے مثالی درجہ حرارت پر ہو۔

ظاہر ہے سرد موسم بیٹری کو معمول سے بھی زیادہ ٹھنڈا کر دیتا ہے، اس لیے بغیر پری کنڈیشننگ کے چارجنگ معمول سے زیادہ سست ہوگی۔
 
ایک بار جب بیٹری گرم ہو جائے تو یہ تقریباً اسی رفتار سے چارج ہوگی جیسا کہ گرم موسم میں ہوتی ہے – بشرطیکہ چارجنگ سٹیشن بھی اپنے مثالی درجہ حرارت کی حد میں کام کر رہا ہو۔
 
کیا ای وی کی ری جنریٹیو بریکنگ سرد موسم سے متاثر ہوتی ہے؟
 
جی ہاں، کیونکہ ری جنریٹیو بریکنگ بھی بیٹری کی کیمیائی خصوصیات پر انحصار کرتی ہے – اس صورت میں جب موٹرز کار کو روکنے یا بریک لگانے پر توانائی کو بیٹری میں واپس دھکیلتی ہیں – تو یہ سرد موسم میں کم مؤثر ہوتی ہے۔
 
سرد صبح میں بغیر پری کنڈیشننگ کے ای وی چلائیں تو آپ محسوس کریں گے کہ ایکسیلیریٹر چھوڑنے پر یہ معمول کے مطابق سست نہیں ہوتی۔ 
 
یہ ای وی ڈرائیور کے لیے پریشان کن ہو سکتا ہے جو اپنی گاڑی میں مضبوط ری جنریٹیو بریکنگ کو ترجیح دیتے ہیں – لیکن، ظاہر ہے، بریک پیڈل فرکشن بریک (ڈسک، کیلپرز اور پیڈز) کو معمول کے مطابق چلاتا ہے۔
 
ایک بار جب گاڑی اور اس کا بیٹری پیک گرم ہو جائے تو ری جنریٹیو بریکنگ کی طاقت معمول پر واپس آ جائے گی۔
 
کیا مجھے سردیوں میں اپنی الیکٹرک کار کو پری کنڈیشن کرنا چاہیے؟
 
جی ہاں، بالکل۔ اپنی ای وی کو عوامی چارجنگ سٹیشن پر پلگ کرنے سے پہلے پری کنڈیشننگ کرنے سے بیٹری زیادہ تیزی سے چارج ہوگی، اور گھر سے نکلنے سے پہلے (جبکہ یہ آپ کے وال باکس چارجر سے جڑی ہو) پری کنڈیشننگ نہ صرف کیبن کا درجہ حرارت بڑھائے گی تاکہ آپ کو آرام دہ رکھ سکے، بلکہ بیٹری کو بغیر کسی چارج کے نقصان کے گرم کرے گی۔
 
اس طرح جیسے ہی آپ اسے ان پلگ کریں گے آپ کی ای وی جتنا ممکن ہو مؤثر طریقے سے کام کرے گی، بجائے اس کے کہ چلتے وقت آپ اور اپنی بیٹری کو گرم کرنے کے لیے زیادہ محنت (اور غیر مؤثر طریقے سے) کرے۔
 
اپنی ای وی کو کیسے پری کنڈیشن کریں؟
 
یہ عمل مختلف ای وی ماڈلز کے لحاظ سے تھوڑا مختلف ہو سکتا ہے۔ لیکن عمومی طور پر، اگر آپ چارجنگ سٹیشن تلاش کرنے کے لیے گاڑی کے اپنے نیویگیشن سسٹم کا استعمال کریں، تو گاڑی عام طور پر اس وقت بیٹری کو پری کنڈیشن کرنا شروع کر دے گی جب آپ چارجنگ سٹیشن سے تقریباً 30 سے 45 منٹ کی دوری پر ہوں۔ 
 
اس طرح، جب آپ چارجنگ سٹیشن پر پہنچیں گے تو بیٹری چارجنگ کے لیے بہترین درجہ حرارت پر ہوگی۔
 
مثال کے طور پر ٹیسلا کے مطابق، اگر چارجنگ مقام 30 سے 45 منٹ سے کم فاصلے پر ہے تو ماڈل تھری کے ڈرائیوروں کو ’ڈرائیونگ سے پہلے بیٹری کو پری کنڈیشن کرنے پر غور کرنا چاہیے۔‘
 
عام طور پر ای وی کی بیٹری کو دستی طور پر بھی پری کنڈیشن کرنا ممکن ہوتا ہے، جس کے لیے آپ سیٹنگز مینو میں جا سکتے ہیں۔ 
 
یہ طریقہ آپ کو اس وقت اختیار کرنا چاہیے جب آپ چارجنگ سٹیشن تلاش کرنے کے لیے دیگر نیویگیشن ایپس استعمال کریں، جیسے وہ جو آپ کے سمارٹ فون پر چل رہی ہوں۔
 
سرد موسم میں ڈرائیونگ شروع کرنے سے پہلے اپنی ای وی کو پری کنڈیشن کرنا بھی ایک اچھا خیال ہے۔ اس طرح گاڑی (اور کیبن) کو چارجنگ کے دوران مطلوبہ درجہ حرارت تک پہنچایا جا سکتا ہے، اور اس عمل کے لیے بیٹری کی چارج استعمال نہیں ہوگی۔

کیا آپ کی ای وی میں ہیٹ پمپ ہے؟

عام طور پر زیادہ مہنگی ای ویز میں ہیٹ پمپ معیاری طور پر شامل ہوتا ہے جبکہ دیگر میں یہ ایک اضافی آپشن کے طور پر دستیاب ہوتا ہے۔ 
 
ہیٹ پمپ ریفریجرینٹ کا استعمال کرتے ہوئے توانائی مؤثر طریقے سے گرمی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتا ہے۔ 
 
ای وی کے معاملے میں اس کا مطلب زیادہ تر بیٹری سے گرمی لے کر کیبن کو گرم کرنا ہوتا ہے۔ ہیٹ پمپ بیٹری کو اس کے مثالی آپریٹنگ درجہ حرارت پر رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے رینج اور چارجنگ کی رفتار بہتر ہوتی ہے۔ 
 
غیر الیکٹرک گاڑیاں عام طور پر ہیٹ پمپ استعمال نہیں کرتیں کیونکہ انجن اتنی زیادہ گرمی پیدا کرتا ہے کہ کیبن جلدی گرم ہو جاتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہیٹ پمپ کے ساتھ ای وی خریدنے کے لیے تھوڑا اضافی خرچ کرنا فائدہ مند ہو سکتا ہے کیونکہ یہ ان الیکٹرک ہیٹرز کے مقابلے میں کیبن کو زیادہ مؤثر طریقے سے گرم کرتے ہیں جو ہیٹ پمپ کے بغیر ای ویز میں استعمال ہوتے ہیں۔ 

ہیٹ پمپ کو ای وی کیبن کو ڈی فراسٹ کرنے اور گرم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، چاہے گاڑی پارک ہو اور چارج ہو رہی ہو – اور یہ عمل عموماً آپ کار کی سمارٹ فون ایپ کے ذریعے دور سے کر سکتے ہیں۔
 
سرد موسم صرف الیکٹرک گاڑیوں کو متاثر نہیں کرتا
 
پیٹرول اور ڈیزل انجن بھی سرد موسم میں کم مؤثر طریقے سے کام کرتے ہیں اور ان کی بیٹریاں بھی سردیوں میں زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ 
 
یواسا، جو 12 وولٹ کار بیٹریاں تیار کرتی ہے، کہتی ہے: ’سرد درجہ حرارت کار بیٹریوں کی کارکردگی پر براہ راست اثر ڈالتا ہے۔ حقیقت میں صفر ڈگری سیلسیس پر بیٹری اپنی کرینکنگ کارکردگی کا تقریباً 30 فیصد کھو دیتی ہے۔ اگر آپ کی گاڑی سٹارٹ نہیں ہو رہی تو عموماً اس کی وجہ آپ کی بیٹری میں کوئی مسئلہ ہوتا ہے۔‘
 
تاہم کسی بھی قسم سے چلنے والی گاڑیاں سرد موسم میں زیادہ محنت کرتی ہیں کیونکہ ان کے ڈرائیور نے اندرونی ہیٹنگ کو زیادہ کر دیا ہوتا ہے اور ممکنہ طور پر ایئر کنڈیشننگ بھی استعمال کر رہے ہوتے ہیں تاکہ کھڑکیاں دھندلی نہ ہوں۔
 
آخر کار یہ اہم ہے کہ یاد رکھیں کہ آپ کی ای وی کی رینج خاص طور پر سرد موسم میں تھوڑی کم ہو سکتی ہے۔ تاہم، اے اے کے صدر ایڈمنڈ کنگ نے گذشتہ سردیوں میں گاڑیوں کے مالکان کو یاد دلایا کہ جنوری میں موٹرنگ کمپنی کو موصول ہونے والی تمام ای وی کال آؤٹس کا محض 2.3 فیصد بیٹریاں ختم ہونے کی وجہ سے تھے۔
 
’یوکے کا سرد تر موسم ای وی کے مسائل پیدا نہیں کرتا، اگرچہ رینج تھوڑی کم ہو سکتی ہے۔‘
 
انہوں نے مزید بتایا: ’بہت سے ای وی ڈرائیور پہلے سے گھر پر گاڑی کو حرارت دینے اور برف صاف کرنے کے لیے دور سے ایپ کا استعمال کرتے ہیں تاکہ وہ سرد موسم کے مطابق ڈھال سکیں۔‘
 
آپ کو اشارہ کردہ رینج پر نظر رکھنی چاہیے، ساتھ ہی اپنے موجودہ سفر کے لیے اوسط کارکردگی پر بھی۔ 
 
کیا آپ فی کلو واٹ گھنٹہ میں کم میل دیکھ رہے ہیں؟ تو یہ ممکن ہے کہ آپ کو اضافی چارجنگ سٹاپ کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے، یا پہلے سے طے شدہ سٹاپ پر کچھ اضافی منٹ جڑنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
 
بہترین ٹپ یہ ہے کہ اپنی ای وی کو پلگ ان کرتے ہوئے پری کنڈیشن کریں تاکہ سب کچھ مطلوبہ درجہ حرارت پر ہو – اور کیبن بھی خوشگوار گرم ہو – گاڑی چلاتے وقت۔ 
 
اگر آپ کے پاس گیراج ہے اور آپ کی ای وی فٹ بیٹھتی ہے تو اس میں پارک کرنا بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے اور اگر آپ کے پاس ہیٹڈ سیٹس اور ہیٹڈ سٹیئرنگ وہیل موجود ہیں تو گاڑی کے اندر ہوا کی درجہ حرارت کو بلند کرنے کی بجائے ان کا استعمال زیادہ موثر ہو سکتا ہے۔
 
دی انڈیپنڈنٹ کا برقی گاڑیوں کا چینل ای۔او این نیکسٹ کے ذریعے سپانسر کیا گیا ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی