پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹی کی جیل میں عمران خان سے ملاقات منگل کو متوقع ہے، جس کے بعد پی ٹی آئی اپنے مطالبات تحریری طور پر حکومت کو پیش کرے گی۔
حکومت اور پی ٹی آئی کی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور اس وجہ سے تاخیر کا شکار ہے کہ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کی سابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات نہیں ہو سکی۔
پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور دو جنوری کو اسلام آباد میں ہوا تھا جس میں یہ طے پایا تھا کہ پی ٹی آئی کی کمیٹی میں عمران خان سے مشاورت اور ان کی ہدایت کے بعد ہی اپنے مطالبات کی حتمی فہرست پیش کرے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پیر کو پی ٹی آئی کی کمیٹی کی جیل میں عمران خان سے ملاقات متوقع تھی لیکن وہ نہ ہو سکی اور توقع کی جا رہی ہے کہ منگل کو یہ ملاقات ہو سکے گی۔
پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان دو جنوری کو ہونے والے مذاکرات کا دوسرا دور کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا تھا کیوں کہ پی ٹی آئی نے اپنے تحریری مطالبات پیش کرنے کے لیے جیل میں قید عمران خان سے ملاقات اور مشاورت کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔
فریقین نے ملک میں سیاسی جمود کو ختم کرنے کے لیے جنوری میں مذاکرات کا آغاز کیا تھا، جس میں پی ٹی آئی نے دو مطالبات پیش کیے۔
ان کا ایک مطالبہ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور دوسرا نو مئی، 2023 اور 26 نومبر، 2024 کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کا قیام ہے۔
حکومت کا دعویٰ ہے کہ نو مئی کے واقعات میں عمران خان کی پارٹی کے لوگ ملوث تھے جن پر فوجی تنصیبات اور سرکاری عمارتوں پر حملوں کا الزام لگایا گیا۔