ملتان ٹیسٹ: دوسری اننگز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز پر 202 رنز کی برتری

ہفتے کو دوسرے دن کا کھیل جب کم روشنی کے سبب ختم کیا گیا تو کامران غلام اور سعود شکیل وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان دوسری اننگز میں 109 رنز بنا چکا ہے اور اسے مجموعی طور پر 202 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کے سعود شکیل 18 جنوری 2025 کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے دوسرے دن شاٹ کھیل رہے ہیں (عامر قریشی / اے ایف پی)

ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے دن پچ بلے بازوں کے لیے مشکل ثابت ہوئی اور سپن نے دونوں ٹیموں کے بلے بازوں کا خوب امتحان لیا، جہاں پاکستان دوسری اننگز میں 109 رنز بنا چکا ہے اور اسے مجموعی طور پر 202 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ہفتے کو رواں ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے گذشتہ روز کے سکور 143 کے ساتھ دوبارہ اننگز کاآغاز کیا۔ محمد رضوان اور سعود شکیل ابتدا سے ہی سست اور محتاط بیٹنگ کرتے رہے اور دونوں نے مجموعی سکور میں مزید 54 رنز کا اضافہ کیا۔

لنچ سے کچھ دیر قبل سعود شکیل 84 رنز بناکر کیون سنکلیئر کی ایک گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اُس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 187 رنز تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آل راؤنڈر سلمان علی آغا اگلے بلے باز تھے، جو زیادہ دیر نہ رک سکے اور جومل واریکن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

محمد رضوان کو بھی کیون سنکلیئر نے 71 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ پاکستان کے باقی بلے بازوں نے مزید 30 رنز کا اضافہ کیا اور پوری ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز ہوا تو سپنرز نعمان علی اور ساجد خان خطرناک بولرز ثابت ہوئے۔ دونوں نے جس تیزی سے ویسٹ انڈیز  بلے بازوں کو آؤٹ کیا، وہ مثالی بن گیا۔ ویسٹ انڈیز کے نو کھلاڑی 91 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

ویسٹ انڈیز کے لیے جومل واریکن اور جیڈل سیلز نے آخری وکٹ کے لیے 46 رنز بنا کر کسی حد تک نقصان کو کم کرنے کی کوشش کی۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 137 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نعمان علی نے 39 رنز بنا کر پانچ اور ساجد خان نے 65 رنز دے کر چار کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ ایک وکٹ ابرار احمد کے حصہ میں آئی۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 93 رنز کی برتری سے شروع کی لیکن اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے محمد حریرہ ایک بار پھر جلدی آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 29 رنز بنائے۔

اس اننگز میں بھی بابر اعظم کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور وہ ناتجربہ کار سپنرز کے خلاف بھی بہتر نہ کھیل سکے۔ بابر اعظم پانچ رنز بنا کر جومل واریکن کا نشانہ بنے۔

شان مسعود نے آج بہت عمدہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ وہ 52 رنز بناکر غلط فہمی کی بنا پر رنز آؤٹ ہوگئے۔

کھیل جب کم روشنی کے سبب ختم کیا گیا تو کامران غلام اور سعود شکیل وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان دوسری اننگز میں 109 رنز بنا چکا ہے اور اس طرح پاکستان کو مجموعی طور پر 202 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پچ کو دیکھتے ہوئے یہ سکور بھی ویسٹ انڈیز کے لیے کافی ہے، جس میں مزید دراڑیں پڑ چکی ہیں اور پاکستانی سپنرز کے لیے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ شاید حلوہ ثابت ہوگی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ