پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اسماعیلی برادری کے 49ویں امام، پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کے لیے پیر کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن پہنچے ہیں۔
کریم آغا خان چہارم چار فروری 2025 کو 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
ہفتے کو لزبن میں اسماعیلی کمیونٹی سینٹر میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں جس میں کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو، ہسپانیہ کے سابق بادشاہ خوان کارلوس، پرتگال کے صدر مارسلو ریبیلو ڈی سوزا اور پاکستان کے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ کریم آغا خان کو اتوار کو مصر کے شہر اسوان میں ایک نجی تقریب میں سپردِ خاک کیا گیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری لزبن میں ’اسماعیلی برادری کے نئے پیشوا شہزادہ رحیم آغا خان سے ملاقات میں شہزادہ کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت پیش کریں گے۔‘
پاکستانی صدر اپنے دورے کے دوران پرتگالی ہم منصب مارسیلو ریبیلو ڈی سوزا سے بھی ملاقات کریں گے۔
کریم آغا خان کے انتقال کے بعد ان کے بڑے بیٹے 53 سالہ شہزادہ رحیم الحسینی کو ان کی وصیت کے مطابق اسماعیلی کمیونٹی کے 50ویں امام کے طور پر آغا خان پنجم نامزد کیا گیا۔
آغا خان چہارم کے قائم کردہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے پاکستان، خصوصاً گلگت بلتستان اور چترال کے علاقوں میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آغا خان رورل سپورٹ پروگرام جیسے اقدامات نے غربت کے خاتمے، صحت، تعلیم اور ثقافتی تحفظ پر خصوصی توجہ دی ہے جو ان علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان میں موجود اسماعیلی برادری، جس کی تعداد لاکھوں میں ہے، ان ترقیاتی منصوبوں سے مستفید ہوئی ہے۔ ان اقدامات نے نہ صرف انفراسٹرکچر اور انسانی ترقی کو فروغ دیا بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔
اس سے قبل لزبن جاتے ہوئے آصف علی زرداری نے ترکی میں مختصر قیام کیا اور صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی۔
پیر کو ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق استنبول ایئر پورٹ پر ترکی کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے صدر مملکت کا استقبال کیا جس کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق دونوں ممالک کے صدور نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔