اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے بدھ کو ایک ایڈوائزری میں اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے عسکریت پسندوں نے اسلام آباد میں فیصل مسجد کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی ہیں لہٰذا وہ فیصل مسجد یا اس کے اطراف میں آنے جانے سے گریز کریں۔
تاہم اسلام آباد پولیس نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ انہیں اس قسم کا کوئی تھریٹ الرٹ موصول نہیں ہوا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسلام آباد پولیس کے ترجمان تقی جواد کے مطابق: ’پولیس کو ایسا کوئی بھی تھریٹ لیٹر ابھی تک موصول نہیں ہوا، یہ ایڈوائزری سوشل میڈیا پر پھیلی خبروں کی بنیاد پر ہے۔‘
امریکی سفارت خانے نے آج اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں اپنے شہریوں کو مزید کہا کہ اگر وہ خود کو غیر متوقع طور پر کسی بڑے اجتماع یا مظاہرے کے آس پاس پائیں تو علاقہ چھوڑ دیں اور احتیاط برتیں۔
بیان میں پاکستان خصوصاً اسلام آباد میں موجود امریکی شہریوں کو کہا گیا کہ وہ اپنی ذاتی سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لیں اور مقامی ذرائع ابلاغ کے ذریعے تازہ صورت حال سے آگاہ رہیں۔
امریکی سفارت خانے نے یہ تجویز بھی دی کہ امریکی شہری زیادہ نمایاں نہ ہوں، اپنے شناختی کاغذات ساتھ رکھیں اور حکام کے ساتھ تعاون کریں۔
گذشتہ برس بھی امریکہ نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر پاکستان میں تعینات امریکی سفارتی عملے اور شہریوں کو 16 دسمبر، 2024 تک پشاور میں سرینا ہوٹل اور آس پاس کے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی تھی۔