پنجاب کے ضلع وہاڑی کے چڑیا گھر سے محکمہ وائلڈ لائف کی انتظامیہ اور ملازمین کی مبینہ غفلت کے باعث چھ قیمتی کالے ہرن چوری ہوگئے۔
اس واقعے کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان نے دو ملزمان کو معطل کردیا ہے جب کہ پولیس نے آٹھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان میں اعلیٰ نسل کے قیمتی کالے ہرن بھی شامل تھے ۔
قیمتی ہرن ملحقہ ہاکی گراؤنڈ کی دیوار میں نقب لگا کر چوری کیے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف آفیسر ملتان نے چڑیا گھر کے دو ملازمین کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا ہے جب کہ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر میاں منیر احمد کی مدعیت میں آٹھ نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس ایف آئی آر میں مبینہ آٹھ ملزمان میں میلسی اور خانیوال کے دو بریڈنگ فارمز سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان مبینہ ملزمان کے خلاف مقدمہ زیر دفعات 379,411 تھانہ سٹی وہاڑی میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس اورمحکمہ وائلڈ لائف کے مطابق وہ اس گینگ کے قریب پہنچ چکے ہیں جن کے خلاف اس سے قبل بھی مختلف علاقوں میں چوری کے مقدمات درج ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر وائلڈ لائف سید صمصام علی بخاری نے بھی فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہےجس کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی کے احکامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان نے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔