موٹر وے ریپ کیس: ملزم شفقت کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

عدالت میں پیشی میں ملزم شفقت نے کہا 'مجھ سے غلطی ہوگئی، معاف کردیں'۔ عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے اور 29ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

ملزم شفقت علی (تصویر سی آئی اے لاہور)

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی ایک  عدالت نےلاہور موٹر وے پر دوران ڈکیتی بچوں کے سامنے ایک ماں کے ریپ کے ملزم شفقت علی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

لاہورپولیس نے منگل کو ملزم کو سخت سکیورٹی میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کے سامنے پیش کیا،  جہاں پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاجائے۔

عدالت نے یہ استدعا منظور کر لی اور حکم دیا کہ کیس کی حساس نوعیت کو مد نظر رکھتے ہوئے شناخت پریڈ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔تفتیشی افسر محمد ذوالفقار نے عدالت کو بتایاکہ ملزم شفقت علی عرف بگانے اعتراف جرم کر لیا ہے اور ان کا ڈی این اے کے نمونے بھی جائے وقوعہ سے ملنے والے نمونوں سے میچ کر گئے ہیں۔

فاضل جج نے ملزم کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟اس  پرملزم نے کہا کہ' بس مہربانی کر دیں،'  جج نے پوچھا 'کیا مہربانی کریں؟' تو ملزم شفقت نے کہا 'مجھ سے غلطی ہوگئی، معاف کردیں۔' اس پر عدالت نے قرار دیا کہ' تمھاراڈی این اے میچ کر گیا ہے، اگر تم نے کچھ نہیں کیا ہوگا تو چھوٹ جاؤ گے۔' جس کے بعد عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے اور 29ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شناخت پریڈ کے لیے ملزم کو متاثرہ خاتون کے سامنےلایاجائے گا اور ان سے اس کی شناختی تصدیق کرائی جائے گی۔آج عدالت میں ملزم کو پیش کیے جانے کے موقعے پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے  اورپولیس کی بھاری نفری عدالت کے اطراف تعینات تھی۔

سماعت کے دوران غیر متعلقہ افراد کو عدالت جانے کی اجازت نہیں تھی اور صرف وکلا عدالت میں موجود تھے۔واضع رہے پولیس نے ملزم شفقت علی کی پیر کودیپالپور سے گرفتاری ظاہر کی تھی۔

اس کیس کا  دوسرا مرکزی ملزم عابد علی تاحال گرفتار نہیں ہوسکا،تاہم پولیس حکام کے مطابق اس کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں  اور توقع ہے کہ وہ جلد ہی پکڑ لیا جائے گا۔ ملزم عابد علی واقعے کے بعد پولیس چھاپے کے دوران قلعہ ستارشاہ غازی کوٹ  میں اپنی رہائش گاہ سے فرار ہوگیاتھا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان