نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 71 رنز بنائے ہیں جبکہ سات وکٹیں باقی ہیں۔
میچ میں 100 اوورز کا کھیل ابھی باقی ہے۔ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 302 رنزدرکار ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کو مزید سات وکٹیں ۔
ایسے میں شکست کو ٹالنے کے لیے تجربہ کار پاکستانی کھلاڑی اظہر علی 34 اور فواد عالم 21 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔
دوسری اننگز میں بھی پاکستانی اوپنرز کے روایتی حوصلہ شکن آغاز نے پہلے ٹیسٹ میں شکست کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں جیت کے لیے 373 رنز کا ہدف دیئے جانے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ روایتی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور ابتدائی بلے باز بغیر کچھ کیے پسپا ہوگئے۔
عابد علی نے پہلی اننگز میں کافی دیر تک کیوی بولرز کا مقابلہ کیا تھا لیکن دوسری اننگز میں ان کا حوصلہ جواب دے گیا اور وہ دوسری گیند پر ہی صفر پر واپس پویلین لوٹ گئے۔ انہیں ٹرینٹ بولٹ نے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
دوسرے اوپنر شان مسعود ایک بار پھر ناکام رہے اور ٹم ساؤتھی کی ایک باہر نکلتی ہوئی گیند پر راس ٹیلر کو سلپ میں کیچ پریکٹس کرا گئے۔ انہوں نے بھی کھاتہ کھولنے کی زحمت نہیں کی۔
حارث سہیل بھی ناکام رہے اور 9 رنز بناکر ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ حارث سہیل کو مسلسل ناکامیوں کے باوجود موقع ملنا معنی خیز ہے
تاہم اس موقع پر سابق کپتان اظہر علی نے شاندار بیٹنگ کی اور فواد عالم کے ساتھ 34 رنز کی ناقابل شکست شراکت کرکے پاکستانی کیمپ میں جان ڈال دی ہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں تیزی سے 180 رنز بنائے جبکہ اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
192 رنز کی پہلی اننگز کی برتری کے بعد نیوزی لینڈ کے پاس موقع تھا کہ وہ مزید 200 رنز بنا کر پاکستان کو کھیلنے کا موقع دے، تاہم پہلی اننگز کی محتاط بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے خدشہ تھا کہ اتنے رنز بنانے کے لیے زیادہ وقت گزر جائے اور پاکستان کو ڈرا کرنے کاموقع مل جائے۔
کیوی اوپنرز ٹوم لیتھم اور ٹوم بلنڈل نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 111 رنز کی رفاقت قائم کی۔
بلنڈل پہلے آؤٹ ہونے والےکھلاڑی تھے، جنہیں محمد عباس نے 64 کے سکور پر بولڈ کیا جبکہ لیتھم 53 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کپتان ولیم سن 21 اور نکولس 11 رنز بنا کر تیز کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے جبکہ واٹلنگ 5 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ نے 55 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
بدھ کو میچ کا پانچواں اور آخری دن ہوگا۔ پاکستان کے دو آخری مستند بلے باز وکٹ پر موجود ہیں اور جانفشانی سے کیوی بولرز کا مقابلہ کررہے ہیں۔
وکٹ میں اگرچہ بولرز کے لیے کچھ خاص نہیں ہے لیکن چار بہترین فاسٹ بولرز کی موجودگی میں بے جان وکٹ بھی خاردار راستہ بن جاتی ہے۔
تاہم وکٹ کچھ آہستہ ہوچکی ہے، جس کے باعث گیند پوری طرح اوپر نہیں آرہی ہے، جو پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ اظہر علی اور فواد عالم کے دفاعی انداز کو دیکھتے ہوئے بعد میں آنے والے رضوان اور فہیم اشرف دوسری اننگز میں کیا کرتے ہیں۔
اگر پاکستان اپنے حواس برقرار رکھے اور شاٹ سلیکشن میں جلدی نہ کرے تو ٹیسٹ میچ جیتا بھی جا سکتا ہے، تاہم پاکستان کی اب تک کی حکمت عملی میچ کو ڈرا کرنے کی نظر آرہی ہے۔