پاکستان اور زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا آغاز منگل سے ہرارے میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین 50 اوورز پر مشتمل تین میچز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے میں کوئی کرکٹ سیریز کھیلے گی۔ سیریز میں شامل تین ایک روزہ میچز 9، 12 اور 14 فروری کو کھیلے جائیں گے۔
پچاس اوورز پر مشتمل سیریز کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ سیریز میں شامل تین میچز 17، 19 اور 20 فروری کو کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا جہاں اسے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 0-3 اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم آل راؤنڈر عالیہ ریاض 136 رنز بنا کر ایک روزہ انٹرنیشنل سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر اور ڈیانا بیگ نو وکٹیں حاصل کر کے بہترین باؤلر قرار پائی تھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسی طرح ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے آخری میچ میں کپتان جویریہ خان نے 56 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ ان کی اس اننگز نے اس دورے میں پاکستان کی جانب سے حاصل کی گئی واحد فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہناہے کہ سکواڈ میں شامل تمام ارکان زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پرجوش ہیں، جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹی ٹونٹی میچ میں فتح سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، زمبابوے کے خلاف فتح حاصل کرکے ٹیم کو وننگ ٹریک پر برقرار رکھنا اصل ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کی عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں ویمنز کرکٹ کے مقابلے محدود ہیں تاہم وہ خوش قسمت ہیں کہ پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے فوری بعد اب زمبابوے کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔
جویریہ خان کہتی ہیں کہ زمبابوے کی ٹیم ورلڈکپ کوالیفائر کا حصہ ہوگی، ایونٹ سے قبل اس ٹیم سے کھیلنا پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوگا۔