فتح کی دیوی ایک بار پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے روٹھی رہی اور سرفراز احمد کی نصف سنچری بھی پی ایس ایل 6 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ کو شکست سے نہ بچاسکی۔
کرونا (کورونا) وائرس کے سبب پیر کو ملتوی ہونے والا میچ منگل کی شام کراچی میں کھیلا گیا، جو اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح پر اختتام پذیر ہوا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فواد احمد اور فل سالٹ کی جگہ محمد موسیٰ اور روحیل نذیر کو شامل کیا تھا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عثمان شنواری کو ڈراپ کرکے نسیم شاہ کو شامل کیا۔
کوئٹہ کی طرف سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور کیمرون ڈیلپرٹ نے کیا، تاہم یہ آغاز اچھا نہیں رہا اور صائم ایوب پہلے ہی اوور میں سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کوئٹہ کی بیٹنگ پہلی وکٹ گرنے کے بعد لڑکھڑا گئی اور پہلی پانچ وکٹیں صرف 71 رنز پر گر گئیں، تاہم اس کے بعد سرفراز اور نواز نے چھٹی وکٹ کے لیے 63 رنز بناکر کوئٹہ کی اننگز کو سنبھال لیا۔ سرفراز نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کوئٹہ نے مقررہ بیس اوورز میں 156 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی طرف سے فہیم اشرف نے اچھی بولنگ کی اور صرف 13 رنز دیے۔
رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز بہت عمدہ رہا اور پال سٹرلنگ اور ایلیکس ہیلز نے اوپننگ پارٹنر شپ میں 76 رنز بناکر اسلام آباد کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔
ہیلز 28 رنز بناکر پاور پلے کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ آئرش کھلاڑی پال سٹرلنگ نے آج عمدہ بیٹنگ کی اور 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ روحیل نذیر نے 34 رنز بنائے۔
اسلام آباد نے مطلوبہ ہدف 27ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج کی جیت سے اپنے مجموعی پوائنٹس چھ کرلیے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ابھی تک پوائنٹس ٹیبل پر صفر کے ساتھ آخری پوزیشن پر ہے۔