پاکستانی نوجوان محمد بلال اپنے یوٹیوب چینل پر بچوں کے لیے اردو زبان میں تعلیمی اور تربیتی کارٹون ویڈیوز پیش کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے تحت ایک سٹارٹ اپ پروگرام میں محمد بلال نے دو مہینے قبل ’برائنی ٹونز‘ نامی کارٹون چینل پر کام شروع کیا اور قلیل عرصے میں اس کے 70 ہزار سے زیادہ ویوز ہو گئے ہیں۔
برائنی ٹونز پر اردو زبان میں تھری ڈی فارمیٹ میں کارٹون ویڈیوز دستیاب ہیں، جو بچوں کی تعلیم اور تربیت میں کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بلال کا کہنا ہے کہ یہ یوٹیوب پر اردو حروف تہجی کو تھری ڈی اینیمیشن میں لانے والا پہلا چینل ہے۔
بلال نے بتایا کہ وہ 14 اگست کو اپنے کارٹون چینل کا باقاعدہ افتتاح کرنے جا رہے ہیں اور اس وقت مختلف موضوعات پر کارٹون ویڈیوز تیار کر رہے ہیں۔
برائنی ٹونز پر دستیاب ویڈیوز میں اردو حروف تہجی کی تھری ڈی کارٹون ویڈیو کو پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
اس ویڈیو میں حروف تہجی ناچتے اور گاتے دکھائے گئے ہیں، جس کا مقصد چھوٹے بچوں کو اردو حروف تہجی سکھانا ہے۔
چینل پر تاریخی، مذہبی اور ثقافتی موضوعات پر کارٹون بھی ڈالے گئے ہیں، جن میں غزوہ بدر اور سر سید احمد خان سے متعلق ویڈیوز شامل ہیں۔
محمد بلال کا کہنا ہے کہ انہوں نے بغیر کسی مالی امداد کے اپنے گھر والوں اور چند دوستوں کی مدد سے کارٹون چینل شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ چینل کو مستقبل میں ایک موبائل ایپ سے منسلک کیا جائے گا، جہاں یوٹیوب چینل پر کارٹون دیکھنے والے بچوں کی ذہنی استعداد بڑھانے کے لیے مختلف سوالات اور مشقیں ڈالی جائیں گی۔