ایشیا کپ سپر فور: سری لنکا کی جیت، انڈیا کی فائنل تک رسائی مشکل

انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے جسے سری لنکا نے چار وکٹوں کے نقصان پر دلچسپ مقابلے کے بعد پورا کر لیا۔

چھ ستمبر 2022 کی اس تصویر میں سری لنکن بلے باز داسن شناکا انڈیا کے خلاف ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا میچ جیتنے کے بعد فاتحانہ انداز میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی)

دبئی میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں سری لنکا نے انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے جسے سری لنکا نے چار وکٹوں کے نقصان پر دلچسپ مقابلے کے بعد پورا کر لیا۔

انڈین اننگز کے جواب میں سری لنکا کے اوپننگ بلے بازوں پاتھم نسانکا اور کشل مینڈس نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا، دونوں نے میدان کے چاروں طرف زور دار شارٹس کھیلتے ہوئے پہلے دس اوورز میں 89 رنز بنا ڈالے۔ کشل مینڈس 57 رنز کے ساتھ سری لنکا کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔

انڈیا کے تیز اور سپن گیند باز اپنی ہر کوشش کرنے کے باوجود ان کی پارٹنرشپ کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکے۔ دونوں بلے بازوں نے انڈین ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 97 رنز پر گری جب نسانکا ریورس سویپ کرتے ہوئے یوزویندر چہل کی گیند پر روہیت شرما کو کیچ تھما بیٹھے۔ انڈیا کو دوسری کامیابی بھی اسی اوور میں ملی جب چریتھ اسالنکا اونچی شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس موقعے پر سری لنکا کی بیٹنگ کچھ لڑکھڑا سی گئی اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرنے لگیں۔ 15 اوورز میں جب سری لنکا کا سکور 120 رنز ہوا تو 174 رنز کا ہدف اس کی پہنچ سے کچھ دور دکھائی دینے لگا۔

لیکن سری لنکا کے بلے بازوں  بھانوکا راجاپکسے اور داسن شناکا نے ایک بار میچ پھر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے دلکش سٹروکس کھیلتے ہوئے انڈین بولنگ کو بھرپور دباؤ میں رکھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اننگز کا 19واں اوور انڈیا پر ایک بار پھر بھاری پڑا اور بھونیشور کمار نے 16 رنز دیتے ہوئے میچ تقریباً سری لنکا کی جھولی میں ڈال دیا۔ آخری اوور میں سری لنکا کو سات رنز درکار تھے۔ انڈیا کی جانب سے یہ اوور ارش دیپ سنگھ نے پھینکا۔ پہلی چار گیندوں میں لنکن بلے باز صرف پانچ رنز بنا سکے اور آخری دو گیندوں پر سری لنکا کو کامیابی کے لیے دو رنز درکار تھے۔ اوور کی پانچویں گیند پر سری لنکا کے بلے بازوں نے دو رنز لے کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

اس سے قبل جب سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو جلد ہی اسے پہلے کے ایل راہل اور پھر وراٹ کوہلی کی وکٹوں کی صورت میں ابتدائی کامیابی ملی۔

 جس کے بعد روہت شرما نے سوریا کمار یادیو کے ساتھ مل کر انڈیا کی اننگز کو کھڑا کرنے کی کوشش کی اور حارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 72 رنز بنائے۔ وہ انڈیا کی جانب سے اس میچ میں ٹاپ سکورر رہے۔

جب 12ویں اوور کے اختتام پر روہت شرما آؤٹ ہوئے تو انڈیا کا مجموعی سکور 110 تھا۔ روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد سوریا کمار یادیو نے رنز بنانے کی رفتار کو بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ 29 گیندوں پر 34 رنز بنا کر اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔

سوریا کمار کے آؤٹ ہونے کے بعد رشبھ پنٹ اور ہردک پانڈیا نے سکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 149 تک پہنچایا لیکن پھر پانڈیا بھی چھکا مارنے کی کوشش میں اپنی وکٹ سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان کے بعد بیٹنگ کی باری آئی دیپک ہودا کی، جو ایک شارٹ پچ گیند پر شاٹ مارتے ہوئے شارٹ تھرڈ مین پر کیچ آؤٹ ہو گئے لیکن امپائر نے اس گیند کو نو بال قرار دے دیا لیکن شومئی قسمت کہ وہ سکور میں کوئی خاص اضافہ کیے بغیر ہی کلین بولڈ ہو گئے۔

انڈیا کو جلد ہی رشبھ پنٹ کی شکل میں ایک اور نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب وہ ڈیپ مڈ وکٹ پر گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکنے کی کوشش کرتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ داسن شناکا اور چھمیکا کرونارتنے نے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ایشیا کپ میں سپرفور مرحلے کا اگلا میچ بدھ کی شام سات بجے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ