عمران خان آرمی چیف کے خلاف مہم چلانے میں ملوث: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’آرمی چیف کو قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کے لیے پراکسیز کا استعمال کرنے کی عمران خان کی چال بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے (تصویر: وزیراعظم شہباز شریف فیس بک اکاؤنٹ)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے خلاف ’بدنیتی پر مبنی‘ مہم چلانے میں ملوث ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’عمران خان آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم چلانے میں مصروف ہیں اور آرمی چیف کو قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کے لیے پراکسیز کا استعمال کرنے کی ان کی چال بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔‘

وزیراعظم نے مزید لکھا: ’ریاستی املاک پر منصوبہ بندی سے کیے گئے ان کے حملے کی ناکامی کے بعد وہ (عمران خان) واضح طور پر بے چین ہیں اور اقتدار میں واپسی چاہتے ہیں، لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ ان کی دھمکی آمیز، پر تشدد اور نفرت پر مبنی سیاست کا وقت ختم ہو گیا ہے۔‘

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر کی جانب سے اتوار کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف ’گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی‘ کا نتیجہ ہے اور ’سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں۔‘

بیان کے مطابق: ’شہدا کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں مزید کہا گیا کہ نو مئی کے ’یوم سیاہ‘ کے لیے بھی ایسی ہی ذہن سازی کی گئی تھی۔ ’نو مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔‘

وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ’قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

’قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح نو مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ متعلقہ اداروں کو ملوث افراد کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

نو مئی 2023 کو عمران خان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن کے دوران فوجی تنصیبات سمیت نجی و قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

ان واقعات میں ملوث متعدد شرپسندوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور ان کے خلاف آرمی عدالتوں میں مقدمات چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان