امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو سوشل میڈیا پر کہا کہ وہ جمعرات کو اٹلانٹا میں گرفتاری دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان پر 2020 میں جارجیا کے انتخابات میں اپنی شکست کو تبدیل کرنے الزام میں اسی ریاست نے فرد جرم عائد کی ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر کہا ہے کہ ’اپنی گرفتاری دینے کے لیے میں جمعرات کو اٹلانٹا، جارجیا جاؤں گا۔‘
سابق امریکی صدر کے بقول یہ فرد جرم ان کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی سیاسی کوشش ہے۔
اس سے قبل سی این این نے خبر دی تھی کہ ٹرمپ جمعرات کو اٹلانٹا کی فلٹن کاؤنٹی جیل میں گرفتاری دینے ارادہ رکھتے ہیں۔
سی این این کے مطابق یہ تاریخ پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ کے وکلا اور فلٹن کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے درمیان ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائی کی شرائط پر بات چیت کے دوران طے ہوئی تھی۔
گذشتہ ہفتے جارجیا میں ڈونلڈ ٹرمپ اور 18 دیگر مدعا علیہان پر 98 صفحات پر مشتمل فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ فرد جرم میں ریاست کے 2020 کے انتخابات میں اپنی شکست کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں مجموعی طور پر 41 مجرمانہ الزامات عائد کیے گئے تھے۔
ٹرمپ کے سابق ذاتی وکیل جان ایسٹ مین بدھ کو فلٹن کاؤنٹی کے حکام کو گرفتاری دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان پر بھی جارجیا کیس میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔
پیر کو ایسٹ مین نے فلٹن کاؤنٹی کی ڈسٹرکٹ اٹارنی فانی ولیس کے ساتھ ایک لاکھ ڈالر زر ضمانت طے کی تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر جارجیا کیس میں عائد ہونے والی فرد جرم چوتھی ہے۔
ان پر مارچ میں نیویارک میں ایک مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی، جس میں ایک پورن سٹار کو خفیہ رقم کی ادائیگی کا الزام ہے۔
مئی میں فلوریڈا میں وفاقی خفیہ دستاویزات کو مبینہ طور پر غلط طریقے سے سنبھالنے کے الزام میں بھی وفاقی مقدمے کا سامنا ہے۔
واشنگٹن کی وفاقی عدالت میں ایک اور فرد جرم عائد کی گئی ہے جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ 2020 کے انتخابات میں اپنی شکست کو غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکہ کے خصوصی وکیل جیک سمتھ نے چھ جنوری کے مقدمے کی سماعت کی درخواست کی ہے لیکن ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی۔
ٹرمپ نے تمام مجرمانہ مقدمات میں خود کو بے قصور قرار دیا ہے اور ہوسکتا ہے وہ اگلے سال کا زیادہ تر حصہ عدالت میں گزاریں، حالانکہ وہ دوبارہ صدر بننے کے لیے انتخابی مہم بھی چلا رہے ہیں۔
پیر کو ٹرمپ کے وکلا اور فلٹن کنٹری ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دستخط شدہ معاہدے کے مطابق جارجیا کیس میں سابق صدر کو دو لاکھ ڈالر کی زر ضمانت دینی پڑے گی اور انہیں حکم دیا جائے گا کہ سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز پیغامات نہ بھیجیں۔
مقامی شیرف کے دفتر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی گرفتاری کے بعد جیل کے ارد گرد سکیورٹی سخت کر دی جائے گی۔
ٹرمپ نے کئی بار بغیر کسی ثبوت کے کہا ہے کہ ان کے خلاف فرد جرم عائد کرنا ’سیاسی انتقام‘ ہے۔ وہ باقاعدگی سے فانی ولیس پر آن لائن تنقید کرتے اور انہیں ’بنیاد پرست‘ اور ’بدعنوان‘ قرار دیتے رہے ہیں۔
2024 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلیکن پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں سب سے آگے، ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے شریک مدعا علیہان پر 14 اگست کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ فانی ولیس نے انہیں گرفتاری دینے یا پھر گرفتار کرنے کے لیے جمعے کی دوپہر تک کا وقت دیا تھا۔
جمعرات کو ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری سے ایک روز قبل ریپبلکن پرائمری صدارتی مباحثہ ہوگا جس میں سابق صدر شرکت کا ارادہ نہیں رکھتے۔