’قابلیت، سپورٹس مین شپ‘ پر انڈین ٹیم کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر انعام

انعامی رقم ٹیم کے علاوہ کوچز اور معاون عملے میں تقسیم ہو گئی۔

وراٹ کوہلی اور کپتان روہت شرما 29 جون، 2024 کو باربڈوس میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ (اے ایف پی)

انڈیا کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کو ان کی ’قابلیت، عزم اور سپورٹس مین شپ‘  پر انعام کے طور پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

ہفتے کو بارباڈوس میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو سات رنز سے ہرا کر 2013 کی چیمپیئنز ٹرافی کے بعد پہلا بڑا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
 
انعام کا اعلان بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے کیا، جو تقریباً 25 افراد کے درمیان تقسیم کیا جائے گا اور جس میں کوچ اور  معاون عملے سمیت پوری ٹیم شامل ہے۔
 
شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’مجھے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے پر ٹیم انڈیا کے لیے 125 کروڑ روپے (14.9 ملین ڈالر) کی انعامی رقم کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔‘
 
انعام کو اگر یکساں طور پر تقسیم کیا جائے تو یہ فی کس تقریباً چھ لاکھ ڈالر بنتا ہے۔
 
شاہ نے مزید کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی صلاحیتوں، عزم اور سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا، تمام کھلاڑیوں، کوچز اور معاون عملے کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

یہ نقد انعام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹورنامنٹ کے لیے 11.25 ملین ڈالر کے ریکارڈ انعامی پول کے علاوہ ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے فاتح کی حیثیت سے انڈیا کو 2.45 ملین ڈالر کا انعام بونس کے ساتھ دیا جائے گا جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رقم ہے۔

جنوبی افریقہ کو رنر اپ کی حیثیت سے 1.28 ملین ڈالر ملیں گے۔

ٹیم کے فائنل جیتنے پر انڈیا میں آدھی رات کو خوب جشن منایا گیا اور کاروں اور موٹر سائیکلوں پر نیلے رنگ کی کرکٹ شرٹس میں ملبوس شائقین دارالحکومت نئی دہلی سمیت مختلف شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے۔
 
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو سوشل میڈیا پر کہا کہ انہوں نے ٹیم سے بات کی ہے اور انہیں ان کی ’عمدہ مہارت اور جذبے‘ پر مبارک باد دی ہے۔
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ