اسرائیلی میزائل ڈیفنس سسٹم کی طرز پر اپنا نظام بنائیں گے: ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے ساتھ ایکس پر انٹرویو میں کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی انتظامیہ اسرائیل کے آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم کی طرح میزائلوں کو روکنے کا نظام بنائے گی۔

امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ارب پتی حامی ایلون مسک کے ساتھ ایکس پر براہ راست نشر ہونے والے انٹرویو میں کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی انتظامیہ اسرائیلی کے آئرن ڈوم کے طرز پر امریکی دفع کی خاطر نئے میزائل ڈیفنس سسٹم کی تیاری پر غور کرے گی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایکس کے مالک ایلون مسک کےڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ انٹرویو کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ کریش کر گئی۔

ایکس کاؤنٹر کے مطابق 13 لاکھ افراد سائٹ پر انٹرویو سننے کے لیے موجود تھے۔ تاہم انٹرویو شروع ہونے کے 40 منٹ بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں مسائل آنا شروع ہوئے اور 45 منٹ پر ٹریفک کی وجہ سے ویب سائٹ کریش کرگئی۔

اے ایف ہی کے مطابق ایلون مسک نے اس بارے میں کہا کہ پلیٹ فارم کو سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مسک نے کہا کہ ’بڑے پیمانے پر یہ سائبر حملہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کچھ لوگ ٹرمپ کو کچھ کہنے کی مخالفت کرتے ہیں۔‘

ٹرمپ نے انٹریو میں امیگریشن کی موجودہ پالیسی کو ’زومبی جیسی تباہی‘ اور صدر جو بائیڈن کو بارہا ’احمق‘ قرار دیا۔

ریپبلکن امیدوار نے موسمیاتی تبدیلی اور سطح سمندر میں اضافے کی حقیقت کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’سب سے بڑا خطرہ گلوبل وارمنگ نہیں ہے اور اگلے 400 سالوں میں سمندر کی سطح میں ایک انچ کا آٹھواں حصہ ہی بڑھے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’آپ کی سمندر کے سامنے مزید پراپرٹی ہوں گی۔ سب سے بڑا خطرہ یہ نہیں ہے۔ سب سے بڑا خطرہ نیوکلیئر وارمنگ ہے کیونکہ دنیا میں اب پانچ ممالک ہیں جو اہم ایٹمی طاقت ہیں اور ہمیں بائیڈن کی طرح کے احمق لوگوں کو اسے ہونے سے روکنا ہے۔‘ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ ماہ ایک ریلی میں صدارتی امیدوار پر قاتلانہ حملے کے بعد ایلون مسک نے کھلے عام ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

جنوری 2021 میں ان کے حامیوں کی جانب سے کیپیٹل ہل پر دھاوا بولنے کے بعد ایکس (اس وقت کے ٹوئٹر) نے ٹرمپ پر پابندی لگا دی تھی لیکن مسک نے پلیٹ فارم خریدنے کے بعد ان کا ہینڈل بحال کر دیا۔

انہوں نے پناہ گزینوں کو فلم ’ورلڈ وار زیڈ‘ میں دکھائے گئے زومبیز سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ’یہاں (امریکہ میں) لوگ اسی طرح بہتے ہوئے آ رہے ہیں۔‘

ان کے بقول: ’امریکہ کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ کرہ ارض کے ہر فرد کو یہاں آنے دے۔‘

ٹرمپ نے روس کے ولادی میر پوتن اور چین کے شی جن پنگ جیسے مطلق العنان حکمرانوں کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتے ہوئے اصرار کیا کہ ان کی سرپرستی میں امریکہ زیادہ محفوظ رہے گا۔

انہوں نے اسرائیل کے میزائل ڈیفنس سسٹم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’ہم جو کام کرنے جا رہے ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ ہم آئرن ڈوم جیسا نیا نظام بنانے جا رہے ہیں۔ ہمارے پاس دنیا کا بہترین آئرن ڈوم تیار ہونے والا ہے۔‘

مسک نے اس موقع پر ٹرمپ کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوشحالی کا راستہ ہیں اور کملا اس کے برعکس ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا