موڈیز کریڈٹ ریٹنگ میں پاکستان کی بہتری، وزیر اعظم کا اظہار اطمینان

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بدھ کو پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کر تے ہوئے آؤٹ لک مستحکم سے مثبت کردی۔

18 ستمبر 2012 کو نیویارک میں عالمی ریٹنگ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کے باہر موڈیز کے لوگو کے قریب سے ایک شخص گزر رہا ہے (اے ایف پی)

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بدھ کو پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کر تے ہوئے آؤٹ لک مستحکم سے مثبت کردی۔

بدھ کو جاری اپ ڈیٹ میں موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ سی اے اے تھری سے سی اے اے ٹو کر دی جس پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اطمینان کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری سے اس کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہوئی اور پاکستان کا ڈیفالٹ رسک کم ہو کر سی اے اے ٹو کی درجہ بندی کے مطابق ہو گیا۔

ایجنسی نے مزید کہا کہ ان بہتر اشاریوں کے بعد پاکستان کا آؤٹ لک مستحکم سے مثبت میں تبدیل ہو گیا۔

ایجنسی کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ سات ارب ڈالر کے نئے اور توسیعی بیل آؤٹ پروگرام کے لیے سٹاف لیول معاہدے طے ہونے کے بعد ملک کے بیرونی مالیاتی اداروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

فروری میں موڈیز ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ کو سی اے اے تھری پر برقرار رکھا تھا جس سے قرضوں کی واپسی کی کم صلاحیت اور ڈیفالٹ کے زیادہ امکانات اور سرمایہ کاری کے خطرات کی نشاندہی ہوتی تھی۔

ریٹنگ ایجنسی نے کہا کہ اسے توقع ہے کہ آئی ایم ایف اگلے چند ہفتوں میں توسیعی بیل آؤٹ (ای ایف ایف) کی منظوری دے دے گا جب کہ ملک کے غیر ملکی ذخائر جون 2023 کے مقابلے میں دگنا ہو چکے ہیں۔ تاہم انہوں نے نوٹ کیا کہ یہ اب بھی بیرونی مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے درکار حد سے نیچے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایجنسی نے کہا کہ جہاں تک آؤٹ لک کا تعلق ہے یہ مثبت آؤٹ لک بیلنس کے خطرات کو بہتر کر دیتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اس امکان کو واضح کرتا ہے کہ حکومت اپنی حکومتی لیکویڈیٹی اور کمزوری کے خطرات کو مزید کم کرنے کے قابل ہے اور آئی ایم ایف پروگرام کے تعاون سے اس وقت ہماری توقع سے بہتر مالیاتی پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقل اصلاحات پر عمل درآمد سمیت ریونیو بڑھانے کے اقدامات حکومتی ریونیو بیس کو بڑھا سکتے ہیں اور پاکستان کے قرضوں کی افورڈیبیلیٹی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

تاہم ایجنسی نے خبردار کیا کہ اصلاحات کے نفاذ کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کی اہلیت کے کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔

مزید یہ کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مجموعی طور پر پاکستان میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے جو کہ اگر پورا ہو گیا تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

مزید یہ کہ اگر ملک کی لیکویڈیٹی اور بیرونی خطرات میں کمی واقع ہوئی تو ریٹنگ کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا جو کہ آئی ایم ایف کے جائزوں کو بروقت مکمل کرنے سے مشروط ہو گا۔

تاہم انہوں نے متنبہ کی کہ اگر بیرونی رسک میں اضافہ ہوتا ہے تو درجہ بندی میں کمی ہو سکتی ہے۔

وزیر اعظم کا اظہار اطمینان

وزیر اعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسلام آباد میں ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ معیشت استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے کیونکہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ موڈیز کی جانب سے ملک کی درجہ بندی کو سی اے اے ٹو تک بڑھانا حکومت کی مضبوط معاشی پالیسیوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملکی معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھے گی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری، مختلف شعبوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر پیش رفت اور جاری منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا. اجلاس کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت