امریکی محکمہ انصاف نے جمعے کو بتایا کہ کینیڈا میں مقیم ایک پاکستانی شخص کو نیویارک میں یہودیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ 20 سالہ محمد شاہ زیب خان عرف شاہ زیب جدون کو بدھ کو امریکہ میں دائر الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔
اٹارنی جنرل میریک گارلینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ مدعا علیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے رواں سال سات اکتوبر کے آس پاس نیو یارک شہر میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، جس کا مقصد داعش کے نام پر زیادہ سے زیادہ یہودیوں کو قتل کرنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایف بی آئی کے تحقیقاتی کام اور ہمارے کینیڈین قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی کی بدولت مدعا علیہ کو حراست میں لے لیا گیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مجرمانہ شکایت کے مطابق، شاہ زیب خان نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کا ایک سال پورا ہونے کے موقعے پر بروکلین میں ایک یہودی مرکز میں داعش کی حمایت میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
اس میں کہا گیا کہ شاہ زیب نے سازشیوں کے ساتھ بات چیت میں اپنے منصوبوں کا انکشاف کیا جو دراصل قانون نافذ کرنے والے ادارے کے خفیہ افسران تھے۔
شاہ زیب کو کینیڈین حکام نے امریکہ اور کینیڈا کی سرحد سے تقریباً 19 کلومیٹر دور اورمس کے قصبے سے حراست میں لیا تھا۔
محکمہ انصاف نے کہا کہ وہ کینیڈا سے شاہ زیب کی حوالگی کی کوشش کرے گا۔
شاہ زیب پر ایک نامزد غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مدد اور وسائل فراہم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام ہے۔
جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔