پاکستان نے ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو 152 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ یہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی ہوم گراؤنڈ میں ساڑھے تین سال میں پہلی فتح ہے۔
میچ کے چوتھے روز انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور اولی پوپ نے انگلش اننگز کو 36 رنز سے آگے بڑھایا۔
37 کے سکور پر اولی پوپ ساجد خان کا نشانہ بن گئے جس کے بعد ہیری بروک جو روٹ کا ساتھ دینے آئے لیکن 55 کے سکور پر انگلینڈ کو ایک اور بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب جو روٹ 18 رنز بنا کر چلتے بنے۔ انہیں نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہیری بروک تھے جو نعمان علی ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
جیمی سمتھ چھ رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بین سٹوکس 37 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بنے۔
ساجد خان نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے ساتھ دوسری اننگز میں بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نعمان علی نے بھی پہلی اننگز میں تین جبکہ دوسری اننگز میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے میچ کی پہلی اننگز میں 366 رنز بنائے تھے، جواب میں انگلش ٹیم 291 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی یوں پاکستان کو انگلینڈ پر 75 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم نے 221 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان نے مارچ 2021 کے بعد سے ہوم سیریز میں 11 ٹیسٹ کھیلے لیکن اس میچ سے قبل اسے ایک بھی میچ میں کامیابی نہیں ملی تھی جبکہ شان مسعود کی کپتانی میں کھیلے جانے والے چھ میچز میں پاکستان کو تمام میں شکست کا سامنا رہا تھا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔