آسٹریلیا نے پیر کو پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا جس میں کئی بڑے نام شامل نہیں ہیں۔
پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز آئندہ ماہ آسٹریلیا میں کھیلی جانی ہے جس کے لیے پاکستان نے بھی اتوار کو اپنے سکواڈز کا اعلان کیا تھا۔
آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ ساتھ مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ جیسے کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔
پاکستان کے خلاف اگلے ماہ ہونے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز انڈیا کے خلاف پانچ ہوم ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے آغاز سے صرف چار دن قبل اختتام پذیر ہوگی۔
آسٹریلین سلیکٹرز نے اپنے تیز گیند بازوں پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو انڈیا کے خلاف اہم ٹسٹ سیریز میں اتارنے کے لیے تازہ دم رکھنے کا فیصلہ کیا جب کہ دیگر ٹیسٹ کھلاڑیوں مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ کو بھی مصروف سیزن سے پہلے آرام دیا گیا ہے۔
آل راؤنڈر کیمرون گرین زخمی ہیں اور وہ پورے سیزن میں ہی ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔
اگرچہ پیر کو سکواڈ کے اعلان کے باوجود پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم مارش عموماً ٹی 20 کے کپتان ہوتے ہیں لیکن جوش انگلس، ایڈم زمپا، گلین میکس ویل اور میٹ شارٹ بھی پاکستان کے خلاف ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
14 نومبر کو برسبین، 16 نومبر کو سڈنی اور 18 نومبر کو ہوبارٹ میں ہونے والے میچز کے لیے تیز گیند باز زیویئر بارٹلیٹ، ناتھن ایلس اور سپینسر جانسن واپس آ رہے ہیں۔
انڈیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ 22 نومبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔
چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا ہے کہ ’پاکستان کے خلاف منتخب کیے گئے ان تمام کھلاڑیوں نے ٹی 20 کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی ہے اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اس سیریز کے دوران اپنے بین الاقوامی تجربے میں اضافہ کریں گے۔‘
پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز بھی چار نومبر سے شروع ہو رہی ہے جس میں کمنز، ہیزل ووڈ اور سٹارک کو دو ہفتے قبل اعلان کردہ ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم مارش اور ہیڈ پیٹرنٹی ون ڈے فارمیٹ کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
آسٹریلیا ٹی 20 سکواڈ میں شان ایبٹ، زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی، ٹم ڈیوڈ، نیتھن ایلس، جیک فریزر میک گرک، آرون ہارڈی، جوش انگلس، سپینسر جانسن، گلین میکس ویل، میتھیو شارٹ، مارکس اسٹونیس اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔