نیوزی لینڈ کا فلپس کر گیا، پاکستان کا ’کنگ نہ کر سکا‘

نیوزی لینڈ نے پاکستان ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے ہرا دیا۔

نیوزی لینڈ کے بیٹر فلپس آٹھ فروری، 2025 کو لاہور میں ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف سنچری بنانے پر خوش ہو رہے ہیں (اے پی)

نیوزی لینڈ نے ہفتے کو پاکستان ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے ہرا دیا۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ کی خاص بات گلین فلپس کے 74 گیندوں پر 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز تھی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے، تاہم پاکستانی بیٹرز میں فخر زمان کے علاوہ کوئی قابل ذکر پرفارمنس نہ دے سکا۔
 
کیویز کی پہلی بیٹنگ کے دوران فلپس کے علاوہ ڈیرل مچل نے 81 اور کین ولیمسن نے 58 رنز بنائے۔ فلپس نے چھٹی وکٹ کے لیے مائیکل بریسویل کے ساتھ 47 گیندوں پر 54 رنز کی تیز شراکت قائم کی۔ 
 
بریسویل نے 23 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جس میں تین چھکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ نے آخری 10 اوورز میں 123 رنز بٹورے، جن میں آخری پانچ اوورز میں 84 رنز شامل تھے۔ 
 
فلپس نے شاہین شاہ آفریدی کے 50ویں اوور میں ایک چوکا اور دو چھکے لگا کر 72 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، اس اوور میں انہوں نے مجموعی طور پر 25 رنز بنائے۔
 
شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 88 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے میچ کی چوتھی گیند پر اوپنر ول ینگ کو صرف چار رنز پر پویلین بھیج کر پاکستان کو ابتدائی کامیابی دلائی۔
 
سپنر ابرار احمد نے دوسرے اوپنر راچن رویندرا کو 25 رنز پر کیچ اینڈ بولڈ کیا۔ تاہم ولیمسن اور مچل نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے 112 گیندوں پر 95 رنز کی شراکت قائم کی۔
 
ولیمسن نے اپنی 46ویں نصف سنچری مکمل کی، یہ نومبر 2023 کے بعد ان کا پہلا ون ڈے تھا، لیکن وہ 58 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
 
 
مچل ایک بڑی اننگز کی جانب گامزن تھے لیکن 38ویں اوور میں ابرار کی گیند پر غلط شاٹ کھیل کر کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔
 
پاکستان کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب تیز بولر حارث رؤف 37ویں اوور میں زخمی ہونے کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔ انہوں نے 6.2 اوورز میں ٹام لیتھم کو صفر پر آؤٹ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

330 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو کم بیک کرنے والے اوپنر فخر زمان اور سینیئر بیٹر بابر اعظم سے بڑی توقعات تھیں۔ 

دونوں نے محتاط انداز میں 10 اوور میں سکور کو 52 رنز تک پہنچایا، لیکن یہاں بابر بریسویل کی گیند پر فلپس کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 23 گیندوں پر 10 رنز بنائے۔
 
سیریز سے قبل جمعے کو پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے بابر اعظم کو بطور اوپنر کھلانے کا عندیہ دیتے ہوئے ان پر اعتماد ظاہر کیا تھا۔
 
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اوپننگ بیٹرز سے متعلق سوال کے جواب میں ہنستے ہوئے کہا تھا ’کنگ کر لے گا۔‘ تاہم آج بابر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے۔
 
19ویں اور پھر 23 اوور میں مچل سینٹنر نے پہلے کامران غلام (18 رنز) اور پھر کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو صرف تین رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
 
25ویں اوور میں پاکستان کی امید فخر فلپس کے ہاتوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ انہوں نے کم بیک میچ میں 69 گیندوں پر جارحانہ 84 رنز بنائے، جس میں چار چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔
 
فخر کے بعد سلمان علی آغا (40 رنز) اور طاہر طیب (30 رنز) نے 53 رنز جوڑے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کے رن ریٹ میں کمی واقع ہوئی اور تواتر سے وکٹیں گرتی رہیں۔ 

پاکستان کسی بھی مرحلے پر نیوزی لینڈ کے لیے مشکلات پیدا کرتا دکھائی نہیں دیا، اور 48ویں اوور میں 254 پر آل آؤٹ ہو گیا۔
 
نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری اور سینٹنر نے تین، تین جبکہ بریسویل نے دو اور فلپس نے ایک وکٹ لی۔
 
پیر کو سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گے۔
 
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ