آسٹریلیا: انڈین نژاد شہری کو ریپ کے جرم میں 40 سال قید کی سزا

ایک مقامی آسٹریلین عدالت نے انڈین کمیونٹی کے رہنما بالیش دھنکڑ کو پانچ کورین خواتین کے ریپ کے جرم میں 40 سال قید کی سزا سنائی۔

15 مارچ 2021 کی اس تصویر میں ایک خاتون کو سڈنی، آسٹریلیا میں خواتین کی جنسی زیادتی یا ریپ کے مبینہ واقعات کے خلاف ٹاؤن ہال کے باہر ریلی میں دیکھا جا سکتا ہے (روئٹرز)

آسٹریلیا میں انڈین کمیونٹی کے رہنما بالیش دھنکڑ کو پانچ کورین خواتین کے ریپ کے جرم میں 40 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ جج نے اس جرم کو ’سوچ سمجھ کر اور انتہائی چالاکی سے انجام دیا گیا فعل‘ قرار دیا۔

انڈیا کے اخبار ہندوستان ٹائمز کی ویب سائٹ کے مطابق تمام خواتین جن کی عمریں 21 سے 27 سال کے درمیان تھیں، ریپ کے وقت یا تو بے ہوش تھیں یا مزاحمت کرنے کے قابل نہیں تھیں۔

آسٹریلین ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا کہ بالیش دھنکڑ نے سوشل میڈیا پر ملازمت کے جعلی اشتہارات دے کر خواتین کو اپنے جال میں پھنسایا اور پھر انہیں سڈنی میں اپنے گھر یا اس کے آس پاس کے مقام پر نشہ آور دوا دے کر بے ہوش کر دیا۔

سابق آئی ٹی کنسلٹنٹ بالیش دھنکڑ خواتین پر قابو پا کر ان کا ریپ کرتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق سزا پانے والے بالیش دھنکڑ نے ایک ایکسل شیٹ بنا رکھی تھی جس میں وہ  ملازمت کے جعلی اشتہار کے جواب میں آنے والی ہر خاتون کی شکل و صورت اور ذہانت کی بنیاد پر درجہ بندی کرتے۔

اس ایکسل شیٹ میں نہ صرف ہر متاثرہ خاتون کے ساتھ ان کی بات چیت اور اس کی تفصیلات درج تھیں بلکہ وہ خاتون کی کمزوری اور اپنے منصوبے کے لیے موزونیت کا بھی اندازہ لگاتے۔

انہوں نے اپنے جرائم کی ویڈیوز بھی بنائیں تاکہ وہ بعد میں ان کو استعمال کر سکیں۔

2023 میں جیوری نے انہیں 39 جرائم میں قصوروار قرار دیا، جن میں ریپ کے 13 الزامات شامل تھے۔ انہیں 2018 میں گرفتار کیا گیا۔

43 سالہ بالیش دھنکڑ کو 40 سال قید کی سزا سنائی گئی جس میں سے 30 سال بغیر پیرول کے گزارنے ہوں گے۔

سزا سنائے جانے کے دوران وہ بے حس وحرکت بیٹھے رہے۔ ان کے چہرے پر کوئی تاثر نظر نہیں آیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بالیش دھنکڑ نے خواتین کو نشہ آور دوا دینے یا زبردستی جنسی تعلق قائم کرنے کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے خبر رساں ادارے روئٹر کو بتایا کہ ’میرا رضامندی کا مفہوم، قانون میں دی گئی تعریف سے مختلف ہے۔‘

ان کی پیرول کے بغیر قید کی مدت اپریل 2053 میں ختم ہوگی جو ان کے مقدمے کے اختتام سے مؤثر سمجھی جائے گی۔ جب ان کی 40 سال کی قید مکمل ہوگی تو اس کی عمر 83 سال ہو چکی ہوگی۔

جج نے بالیش ڈھنکڑ کے بارے میں کیا کہا؟

بالیش دھنکڑ کو پانچ کورین خواتین کے ریپ کے جرم میں 40 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج مائیکل کنگ نے کہا کہ مجرم کا طرز عمل ’سوچا سمجھا، انتہائی چالاکی سے انجام دیا گیا، فریب کارانہ اور شکاری ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔‘

جج نے مزید کہا کہ ’ان کے رویے سے واضح ہوتا ہے کہ انہوں نے ہر متاثرہ خاتون کے لیے مکمل بے حسی اور سنگ دلی کا مظاہرہ کیا۔‘

2018 میں گرفتاری سے قبل بالیش دھنکڑ انڈین آسٹریلین کمیونٹی میں نمایاں شخصیت سمجھے جاتے تھے۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آزمائشی گروپ کا بانی ہیں اور آسٹریلیا کی ہندو کونسل کے ترجمان کے طور پر بھی کام کرتے رہے ہیں
وہ 2006 میں بطور طالب علم آسٹریلیا آئے اور بعد میں اے بی سی، برٹش امریکن ٹوبیکو، ٹویوٹا اور سڈنی ٹرینز میں بطور ڈیٹا ویژولائزیشن کنسلٹنٹ کام کرتے رہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا