دنیا بھر میں کرونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ اسی لاکھ ہوگئی

حالیہ دنوں میں ان ممالک میں کیسز میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے جہاں کرونا کیسز میں کسی حد تک کمی آ رہی تھی۔ جس کے بعد حکومتیں معاشی خدشات کے باوجود دوبارہ لاک ڈاؤن کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔

میلبرن میں ایک مریض کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے (اے ایف پی)

دنیا بھر میں کرونا (کورونا) وائرس کا وار مسلسل جاری ہے اور اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ اسی لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کرونا کو عالمی ایمرجنسی قرار دیے جانے کے چھ مہینے کے بعد اس وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی چھ لاکھ 87 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حالیہ دنوں میں ان ممالک میں کیسز میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے جہاں کرونا کیسز میں کسی حد تک کمی آ رہی تھی۔ جس کے بعد حکومتوں کی جانب سے معاشی خدشات کے باوجود دوبارہ لاک ڈاؤن کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں اتوار سے دوبارہ سے بندشیں نافذ کر دی گئی ہیں جبکہ میلبرن شہر میں اگلے چھ ہفتے کے لیے کرفیو لگا دیا گیا ہے۔

ان دنوں کے دوران شادی کی تقریبات پر پابندی ہے جبکہ کلاسوں کو بھی آن لائن منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

میلبرن میں لاک ڈاؤن کے باوجود کیسز میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آرہا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دنیا کے کئی اور ممالک میں بھی کرونا کیسز پر قابو پانے میں مشکلات در پیش ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جنوبی افریقہ میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کیسز کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ ملک میں کرونا کیسز کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

لاطینی امریکہ اور کریبین میں اتوار کو سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جن میں تین چوتھائی ہلاکتیں برازیل اور میکسیکو میں ہوئی ہیں۔

میکسیکو میں ہلاکتوں کی تعداد 46 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جس کے بعد میکسیکو امریکہ اور برازیل کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتوں والا ملک بن گیا ہے۔

ایران میں بھی گذشتہ ایک ماہ میں ایک ہی دن کے دوران کرونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

دنیا کے متاثرہ ترین ملک امریکہ میں کرونا کیسز کی تعداد 46 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ امریکہ بھر میں ہونے والی ہلاکتیں بھی ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ 'کووڈ 19 کا عالمی خطرہ بہت زیادہ ہے۔' ادارے کے مطابق کرونا کے اثرات 'دہائیوں تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔'

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا