کوئٹہ میں عام طور پر شہر کی دیواروں پر سیاسی جماعتوں کے نعرے اور اشتہارات کی وال چاکنگ نظر آتی ہے، جس کو بدلنے کی خاطر نوجوانوں نے شہر کی مرکزی شاہراہ کی دیواروں پر رنگا رنگ پینٹنگز بنائی ہیں۔
بلوچستان یوتھ انیشی ایٹو کے زیراہتمام نوجوان مصوروں کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد شہریوں کو راہ چلتے ہوئے ذہنی سکون پہنچانا اور کوئٹہ کا خوبصورت چہرہ دکھانا ہے۔
تنظیم کی صدر ماہ نور لونی کے مطابق کوئٹہ کا امیج حالات کی خرابی کے باعث لوگوں کے ذہن میں منفی ہے، جسے انہوں نے بدلنے کی کوشش کی ہے۔
ماہ نور نے بتایا کہ انہوں نے یہ کام میٹروپولیٹن اور یونیسف کے تعاون سے کیا، جس میں 60 کے قریب رضاکاروں نے مختلف سکولوں اور یونیورسٹیوں سے حصہ لیا، جن میں اکثریت خواتین کی ہے۔
بقول ماہ نور: 'ہمارا مقصد شہر کو خوبصورت بنانا ہے جبکہ تصاویر کے ذریعے یہاں کی ثقافت سے متعلق لوگوں کو مثبت پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے۔'انہوں نے مزید بتایا: 'یہ ہماری پہلی کوشش تھی اور ہمیں معلوم نہیں تھا کہ اتنا اچھا ردعمل آئے گا، جس سے ہمارا حوصلہ مزید بڑھ گیا ہے۔'
یہ وال پینٹنگز شہر کی داخلی شاہراہ پر بنائی گئی ہیں تاکہ جب بھی کوئی شہر میں داخل ہو تو اسے خوبصورتی کا احساس ہو۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مصوروں نے دیواروں پر مختلف تصاویر بنائی ہیں جن میں خواتین، معذوروں کے حوالے سے مثبت پیغام، بلوچستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے والی تصاویر اور دیگر شامل ہیں۔
بلوچستان یوتھ انیشی ایٹو کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے کو مزید آگے لے جانے کے لیے بھی کوشاں ہیں تاکہ شہر بھر کی دیواریں خوبصورت ہوں اور شہری راہ چلتے ہوئے سکون محسوس کریں۔
ماہ نور نے شہر کی دیواروں پر وال چاکنگ کرنے والوں سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے اشتہارات کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کریں اور دیواروں کو بد صورت نہ کریں۔
کوئٹہ میں ماضی میں امن و امان کی صورت حال خراب رہی ہے، لہذا ان نوجوانوں کا مقصد ہے کہ شہر کی منفی تصویر کو پینٹنگز کے ذریعے مثبت پیغام میں تبدیل کیا جائے۔