سعودی عرب کی تیل کی صنعت کے مرکز آرامکو کو اتوار کو میزائل اور ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ یمن کے حوثی باغیوں نے یہ حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد چھ سال سے جاری لڑائی کے دائرے میں نئی توسیع ہوئی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں کی اطلاعات ملنے پر کوویڈ 19 وبا کے بعد پہلی بار پیر کے روز خام تیل کے بین الاقوامی سودوں میں قیمت 70 ڈالر فی بیرل سے بھی بڑھ گئی۔
سعودی وزات دفاع نے کہا ہے کہ راس تنورہ کے علاقے میں قائم تیل کے ذخیرے پر ڈرون حملہ اور مشرقی سعودی عرب کے شہر دہران میں واقع آرامکو کی تنصیبات پر بیلسٹک میزائل سے کیا گیا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
میزائل کا ایک ٹکڑا شہر میں آرامکو کے رہائشی علاقے میں گرا جہاں کمپنی کے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندان رہتے ہیں۔
سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملے سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔
سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے اتوار کو بیان سامنے آیا تھا کہ انہوں نے حوثی باغیوں کے زیرانتظام یمن کے دارالحکومت پر فضائی حملے کیے ہیں۔ فوجی اتحاد نے ریاستی میڈیا پر ایک بیان میں مزید بتایا کہ ان حملوں میں صنعا اور دوسرے کئی صوبوں میں حوثیوں کی فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس آپریشن سے پہلے اتحاد نے سرحد پار سے باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے 12 ڈرون اور دو میزائل حملے ناکام بنائے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں نے ڈرونز سے کیے جانے والے حملوں میں سعودی عرب میں شہری اہداف کو نشانہ بنایا تھا تاہم مقامات کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
اتحاد نے مزید بتایا ہے کہ جن دو میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ان کا ہدف جزان شہر تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حالیہ ہفتوں میں حوثیوں نے سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ حوثیوں نے یمنی حکومت کے آخری مضبوط مرکز مارب پر قبضے کے لیے حملے کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
حوثیوں کے خلاف فضائی آپریشن کے بعد سعودی فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہری اہداف پر حملے سرخ لکیر پار کرنے کے متراد ف ہیں۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ حوثیوں کی کارروائیوں سے مسئلے کے سیاسی حل میں رکاوٹ پیدا ہو گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں کی اطلاعات ملنے پر کوویڈ 19 وبا کے بعد پہلی بار پیر کے روز خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل سے بھی بڑھ گئی۔
سنگاپور میں ایشین ٹریڈ کے آغاز پر مئی کے لئے خام تیل کے سودوں کا نرخ 71.38 ڈالر فی بیرل رہا جو آٹھ جنوری 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) میں اپریل کے لیے خام تیل 1.60 ڈالر یا 2.4 فیصد اضافے کے ساتھ 67.69 ڈالر نرخ پر آ گیا۔