سوات میں جاپانی پھل کو محفوظ کرنے کا منصوبہ

سوات کے نوجوان آصف حبیب نہ صرف جاپانی پھل کو خشک کرکے طویل عرصے تک محفوظ بنا رہے ہیں بلکہ مقامی لوگوں کے روزگار کا سبب بھی بن رہے ہیں۔

سوات کے نوجوان آصف حبیب جاپانی پھل (املوک) کے ضیاع کو روکنے اور اسے پورا سال عوام کی دسترس میں رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مٹہ کے 24 سالہ آصف حبیب نے جاپانی پھل کو خشک کرکے طویل عرصے تک محفوظ بنانے کا کام شروع کیا ہے۔

سوات میں جاپانی پھل کی کاشت پانچ ہزار ایکڑ زمین پر کی جاتی ہے، جس کی سالانہ پیداوار 50 ہزار ٹن کے قریب ہے۔ کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ سالانہ تقریباً 50 فیصد پھل ضائع ہوجاتا ہے۔

آصف حبیب نے اپنے گھر میں فروٹ زو کے نام سے کارخانہ کھولا ہے جس میں جاپانی پھل کو خشک کیا جاتا ہے اور جن کاشت کاروں کا پھل پہلے ضائع ہوتا تھا اب وہ یہاں لاکر اسے خشک کرتے ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’حالیہ ژالہ باری اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کاشت کاروں کے زیادہ تر پھل خراب ہوئے تھے جس کے لیے میں نے یہ اقدام اٹھایا تاکہ اس پھل کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’اس پھل کو ہم کاشت کاروں سے اُٹھا کر فروٹ زو میں لے آتے ہیں۔ پھر اس کو دھونے کے بعد متعدد ٹکڑوں میں کاٹتے ہیں جس کے بعد خشک ہونے کے لیے دھوپ میں رکھ دیتے ہیں اور تقریباً سات دن کے اندر یہ جاپانی پھل خشک میوے کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔‘

’ہماری اس کوشش سے نہ صرف جاپانی پھل کو ضائع ہونے سے بچایا جا رہا ہے بلکہ اس سے ہمارے ساتھ کافی لوگ برسر روزگار بھی ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہ ہمارا پہلا سال ہے اور ہمارے ساتھ 10 کے قریب لوگ صبح سے شام تک کام کرتے ہیں اور شام کے وقت ہم انہیں پوری دن کی اجرت دیتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس سال ہم سوچ رہے ہیں کہ اس کو مزید وسعت دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ برسر روزگار ہو سکیں۔ لوگوں کی جانب سے اچھا رسپانس مل رہا ہے اس سے ہمیں 50 فی صد منافع بھی میسر آیا ہے۔‘

سوات میں جاپانی خشک پھل کو صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی بھیجا جاتا ہے اور دکانوں میں یہ خشک پھل 800 روپے فی کلو فروخت کیا جاتا ہے۔

سیاح جب بھی سوات آتے ہیں تو اس پھل کو ضرور خریدتے ہیں اور تحائف کی شکل میں اپنے دوستوں یا رشتہ داروں کو دیتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا