پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے مقابلے ملتان اور کراچی سے ہوتے ہوئے آخرکار لاہور اور راولپنڈی پہنچ ہی گئے ہیں۔
اب تک دیکھا جائے تو قلندرز، سلطانز تو ’چاند‘ پر ہیں اور یونائیٹڈ، زلمی ان کا پیچھا کر رہے ہیں مگر گلیڈی ایٹرز اور کنگز کا تو برا ہی حال معلوم ہوتا ہے۔
کراچی کنگز سے یاد آیا آپ نے محمد عامر کا پہلا اوور دیکھا؟ ضرور دیکھا ہوگا لیکن اگر نہیں دیکھا تو کمال کرتے ہیں، کیونکہ انہوں نے شاید پشاور زلمی کے خلاف اس سیزن کا سب سے شاندار سپیل کروایا ہے، مگر جیت زلمی کی ہوئی۔
عامر کا زلمی کے خلاف پہلا اوور بالکل ویسا ہی تھا جیسا وہ کئی بار انڈیا کے خلاف بھی کروا چکے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لیگ کے آٹھویں سیزن میں اعداد و شمار کی بات کریں تو بھئی نئے بولر احسان اللہ کے کوئی قریب بھی نہیں ہے۔ وہ اس سیزن میں اب تک 14 وکٹیں لے کر سب سے آگے ہیں۔
احسان اللہ کو ان ہی کے کپتان نے بالکل تنہا نہیں چھوڑا اور سب سے زیادہ رنز بنا کر ان کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہیں۔
جبکہ جو چیز مثبت دکھائی دیتی ہے کہ فخر زمان فارم میں واپس آ رہے ہیں جو کہ پاکستان ٹیم کے لیے اچھا شگون ہے، اور اعظم خان کی ایک کے بعد ایک اننگز دیکھ کر تو لگتا ہے جیسے انہیں صرف چھکے چوکے لگانے کی انسٹرکشنز دی گئی ہیں۔
دوسری جانب اس پی ایس ایل میں دو کپتان سب سے زیادہ پریشان ہیں۔ ایک سرفراز اور دوسرے عماد وسیم۔ عماد وسیم تو خود بھی شکوہ کر چکے ہیں کہ ’کوئی ساتھ کھڑا ہی نہیں ہوا‘ اور ’ہماری بولنگ اچھا نہیں کر پا رہی ہے۔‘
جبکہ سرفراز کی پریشانی اس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ صرف ایک ہی میچ جیت پائے ہیں اور عماد ہر میچ کو آخر تک لے جا کر بھی ہار رہے ہیں۔