ملتان: حلقہ این اے 148 ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز

این اے 148 کی یہ نشست سید یوسف رضا گیلانی کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی جہاں سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بیرسٹر تیمور ملک کے درمیان مقابلہ ہے۔

خانیوال کے حلقے پی پی 206 میں ضمنی انتخابات کے لیے ایک ووٹر اپنا حق رائے دہی کا استعمال کر رہا ہے (تصویر: اے ایف پی فائل)

ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 148 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے سخت انتظامات کیے ہیں جہاں 275 پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی تعینات ہے۔

الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ ملتان نے اس حلقے میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے تمام انتظامات کیے ہیں۔

یہ نشست سید یوسف رضا گیلانی کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ضمنی انتخاب میں مقابلہ سابق وزیراعظم کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بیرسٹر تیمور ملک کے درمیان مقابلہ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے لیے ضمنی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

رواں سال آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں یوسف گیلانی نے اس سیٹ سے صرف 293 ووٹ کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر ملتان رضوان قدیر نے مرکزی الیکشن آفس میں انتظامات کا معائنہ کیا۔ ریٹرننگ آفیسر محمد سیف نے افسران کو انتخابی مواد کی ترسیل اور پولنگ کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ این اے 148 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس سنٹر میں عوام کو ان الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔ شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اِس مقصد کے لیے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے چار سطحی کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے۔

ترجمان کے مطابق عوام مذکورہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں شکایات کے اندراج کے لیے ای ایم سی سی سنٹر کے عملہ سے ای میل[email protected] پربھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ کمیشن نے عوام کی سہولت کے لیے (EMCC)میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051111327000 ہے۔

یہ سنٹر پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک کام کرے گا ۔ کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست