82 سرکاری اداروں کے انضمام یا تحلیل کی منظوری

پہلے مرحلے کے اندر چھ وزارتوں میں کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔

27 اگست، 2024 کو اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہو رہا ہے (پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ)

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے منگل کو 82 سرکاری اداروں (ایس او ایز) کے انضمام اور تحلیل کے لیے حکومتی کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات منظور کر لیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے مختلف محکموں کے انضمام اور تحلیل سے متاثرہ ملازمین کے مفادات کے تحفظ کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق کابینہ کو بتایا گیا کہ ان 82 اداروں کو ڈیجیٹلائزیشن، سمارٹ مینیجمنٹ، موثر گورننس، شفافیت اور تیزی سے عمل درآمد کے ذریعے عام آدمی کو جلد بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مضبوط اداروں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے کے اندر چھ وزارتوں میں کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سے حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے، انسانی وسائل کے درست استعمال اور پالیسی سازی کے ساتھ ساتھ فیصلوں پر عمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ یوریا کی درآمد روکنے اور یوریا فیکٹریوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی سے 13 کروڑ ڈالر کی بچت ہوئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر اعظم نے آئندہ موسم ربیع کی فصل کے دوران یوریا کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت خزانہ، توانائی اور نیشنل فوڈ سکیورٹی کے فیصلوں کو سراہا۔

کابینہ کو حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری کے اقدامات کو جاری رکھنے کی منظوری دی جس میں کابینہ ارکان کی تنخواہوں کی رضاکارانہ چھوٹ، ایمبولینس جیسی ضروری گاڑیوں کے علاوہ دیگر سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی، نئے آلات اور مشینری کی خریداری پر پابندی، نئی سرکاری عہدوں کی تخلیق، سرکاری اخراجات پر غیر ضروری بیرون ملک سفر اور بیرون ملک علاج پر پابندی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کی کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اس کے تسلسل کو یقینی بنائیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان