ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس موسم میں تقریباً سب ہی کو اور خصوصاً خواتین کو یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ خود کو کس طرح سردی سے بچائیں اور فیشن کے تقاضے بھی پورے ہو جائیں۔
اسی مسئلے کے حل کے لیے ہم پہنچے ثمن اسد کے پاس جو امیج اینڈ وارڈروب کنسلٹنٹ ہیں اور لوگوں کے ’کیا پہنیں‘ کے سوال کا جواب بڑی مہارت سے دیتی ہیں۔
ثمن نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں پہلے تو رنگوں کا مسئلہ حل کیا کہ سردیوں میں کون سے رنگ پہنے جائیں۔
بقول ثمن: ’پیںٹون کمپنی ہر سال کے رنگ متعارف کرواتی ہے، لیکن یاد رکھیں کہ ٹرینڈ کو فالو ضرور کریں لیکن یہ بھی دیکھیں کہ آپ کی انڈر ٹون اس کلر سے میچ کرتی ہے یا نہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پینٹون کلر انسٹی ٹیوٹ رنگوں کی مہارت کے ایک اہم ذریعے کے طور پر عالمی سطح پر پہچانا جاتا ہے اور ہر سال مختلف رنگ متعارف کرواتا ہے۔
ثمن نے بتایا کہ پینٹون نے سال 2024 اور 2025 کے لیے 10 کمپلیمنٹری اور پانچ کلاسک رنگ متعارف کروائے ہیں۔
ان میں موکا موس، چیری ٹماٹو، رین فارسٹ، سٹارلائٹ بلیو، پیورڈ پمپکن، مسٹرڈ یلو، ایگ پلانٹ پرپل، آلمنڈ ملک، ویو رائڈ اور سٹوری فارسٹ شامل ہیں۔ کلاسک کلرز میں پائن کون، ڈارک شیڈو گرے، ایوننگ بلیو، شیپ سکن کلر اور اگوانا کلر شامل ہیں۔
ثمن نے بتایا کہ یہ کلاسک کلرز نیوٹرل کے قریب کے شیڈز ہیں۔ ’ان رنگوں کو ملازمت پیشہ خواتین و حضرات بڑے اچھے طریقے سے اپنے کپڑوں میں استعمال کر سکتے ہیں، لیکن یہ رنگ اپنی انڈر ٹون کے حساب سے استعمال کرنے چاہییں۔‘
یہاں سوال یہ ہے کہ انڈر ٹون کیا ہوتی ہے؟
اس بارے میں ثمن نے بتایا کہ انڈر ٹون میں کول انڈر ٹون، وارم انڈر ٹون اور نیوٹرل انڈر ٹون ہوتی ہے۔ ’اگر آپ کی نسیں سبز رنگ کی ہیں تو آپ وارم انڈر ٹون ہیں۔ نیلی یا جامنی نسیں ہیں تو آپ کول انڈر ٹون ہیں لیکن اگر ایک نس سبز اور ایک جامنی ہے یا ایک نیلی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ نیوٹرل انڈر ٹون ہیں۔‘
ملازمت پیشہ خواتین کون سے رنگ چنیں؟
ثمن کے مطابق کمپلیمنٹری رنگ شادیوں پر بھی پہنے جا سکتے ہیں لیکن اگر آپ ورکنگ ویمن ہیں تو آپ نے گہرے یا ڈارک رنگوں، پیسٹل کلرز اور سادے سالڈ فیبرک میں زیادہ رہنا ہے۔
’اگر آپ کا بہت دل کر رہا ہے کہ کوئی پیٹرن پہنیں تو جیومیٹریکل پیٹرنز پہن سکتے ہیں لیکن اس کے علاوہ کوئی اور پیٹرن یا پھولوں والے کپڑے نہ پہنیں۔‘
بقول ثمن: ’جیومیٹریکل پرنٹ کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ ہر طرح کا جیومیٹریکل ڈیزائن پہن سکتے ہیں۔ پولکا ڈاٹس، چیک اور لائنز یہ مخصوص تین پرنٹس ہیں جو آپ پہن سکتے ہیں۔‘
سردیوں میں کپڑا کون سا لیں؟
ثمن کے مطابق: ’سردیوں میں کھدر، لینن، مرینا، کرنڈی اور چکن کاری میں بہت سے رنگ اور پرنٹ میسر ہیں لیکن اگر آپ پروفیشنل ہیں تو آپ نے پرنٹس کی طرف نہیں جانا، ہاں جیومیٹریکل پرنٹس استعمال کر سکتے ہیں لیکن کپڑا چنتے ہوئے آپ نے یہ ضرور دیکھ لینا ہے کہ کیا وہ آپ کی جلد اور جسامت کے ساتھ جاتا ہے۔‘
انہوں نے مشورہ دیا کہ جن لوگوں کا وزن تھوڑا زیادہ ہو، وہ کھدر نہ لیں بلکہ سلکی کپڑا لینے کی کوشش کریں۔
ثمن کہتی ہیں کہ ’اگر آپ کی شخصیت مشرقی ہے لیکن آپ جس جگہ کام کر رہی ہیں وہاں مغربی انداز کے ملبوسات کا مطالبہ ہے تو تھوڑی سی تبدیلی لاتے ہوئے قمیص کے ساتھ شلوار کی جگہ ٹراؤزر پہنے لیں، پینٹ کے ساتھ کرتا پہن لیں اور مغربی ٹچ دینے کے لیے اس پر کوٹ پہن لیں لیکن اگر کوٹ نہیں پہن سکتیں تو گاؤن پہن لیں۔‘
بقول ثمن: ’سردیوں میں کوٹ اور گاؤن بہت اچھے آپشنز ہوتے ہیں، ہمارے ہاں ہر کسی کی استطاعت نہیں کہ وہ بہت اچھا سویٹر لے سکے، اس لیے سویٹر کی جگہ کیپ کی طرف چلے جائیں تو وہ بہت سمارٹ لگتی ہے، آج کل بہت سٹائلش اور گرم پونچوز دستیاب ہیں، آپ وہ لے سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ کوئی پینڈنٹ (ہار) یا چین پہن لیں لیکن اسے سالڈ رنگ میں ہونا چاہیے۔‘
ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’پہن آپ کچھ بھی سکتے ہیں لیکن اگر وہ سالڈ رنگ میں ہوگا تو آپ اپنا ایک اچھا امیج پیش کرنے میں کامیاب ہوں گے۔‘
گھریلو خواتین کیا پہنیں؟
ثمن نے بتایا کہ جو خواتین گھروں میں ہوتی ہیں، ان کے لیے گھر کے ایک ماحول کو برقرار رکھنا ضروری ہے کیونکہ ہر رنگ کا ایک اپنا پیغام ہوتا ہے۔ اگر آپ کام کرنے والی خاتون ہیں اور کام سے واپس گھر آئی ہیں تو آپ سادے فیبرک سے نکل کر رنگوں اور پھولوں والے کپڑوں میں آجائیں۔
انڈپینڈنٹ اردو نے کچھ برانڈز سے بھی بات کی اور ان سے موسم سرما میں زیادہ پسند کیے جانے والے رنگوں اور کپڑوں کے بارے میں پوچھا۔
ایک معروف برانڈ کی سیلز ویمن علیشا نے بتایا کہ آج کل کسٹمرز زیادہ گہرے رنگ جیسے میرون، سیاہ اور لائنوں والے کپڑے پسند کر رہے ہیں جبکہ زیادہ تر لوگ کوٹس، جیکٹس اور ہوڈیز وغیرہ کی خریداری کے لیے آتے ہیں۔